دبئی//جنوبی افریقی بلے باز راسی وین ڈیر ڈوسن کومنگل کے روز چیسٹر-لی-اسٹریٹ میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کرنے کا فائدہ ملا ہے اور وہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔
واضح ہو کہ 33 سالہ ڈوسن نے انگلینڈ کے خلاف 117 گیندوں پر 134 رن بنائے جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جنوبی افریقہ کی 62 رن کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ایڈن مارکرم 15 پوزیشن کے فائدے کے ساتھ 61 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ مارکرم نے انگلینڈ کے خلاف 77 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی ڈیوڈ ملر تین مقام کی ترقی کر کے 24ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔جنوبی افریقی تیز گیند باز اینریک نورٹجے 61 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 53 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں نے 18 مقام کا فائدہ ہو اہے ۔
انگلینڈ کے بلے باز جیسن رائے جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 43 رن بنائے، ایک مقام کی ترقی کرکے 16ویں نمبر پر آگئے ہیں۔پاکستانی بلے باز بابر اعظم بدستور ٹاپ پر ہیں۔ امام الحق دوسرے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی چوتھے نمبر پر ہیں۔ ٹیم انڈیا کے موجودہ کپتان روہت شرما پانچویں نمبر پر ہیں۔
گیندبازوں کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ سرفہرست ہیں جب کہ بھارتی گیندبازجسپریت بمراہ دوسرے، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی تیسرے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ چوتھے اور افغانستان کے مجیب الرحمان پانچویں نمبر پر ہیں۔آل راونڈرس کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر ہیں جب کہ افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور راشد خان تیسرے نمبر پر ہیں۔






