نئی دہلی// برمنگھم کامن ویلتھ گیمس میں چار گنا100 میٹر ریلے میں تمغہ جیتنے کی ہندوستانی ایتھلیٹک ٹیم کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ گذشتہ سال دتی چند اور ہیما داس کو 100 اور 200 میٹر میں شکست دے کر سرخیوں میں آنے والی تمل ناڈو کے اسپرنٹر ایس دھن لکشمی ڈوپ میں پھنس گئی ہیں۔
ٹرپل جمپ میں قومی ریکارڈ ہولڈر ایشوریہ بابو کو بھی ممنوعہ چیز کے استعمال کا قصوروار پایا گیا ہے۔دھن لکشمی عالمی ایتھلیٹکس کے ایتھلیٹ انٹیگریٹی یونٹ (اے آئی یو) کے ذریعہ کئے گئے ٹیسٹ میں پکڑی گئی ہیں۔ اے آئی یو نے دھن لکشمی کا ملک سے باہر آوٹ آپ کمپٹیشن سیمپل لیاتھا۔ ان کے نمونے میں اینابولک اسٹیرائڈ پایا گیا ہے ۔ ان پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔
انہیں یوگین (امریکہ) میں جاری عالمی چیمپئن شپ میں کھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔ ٹوکیو اولمپکس کی 4x400m ریلے ٹیم میں شامل دھن لکشمی کو ہیما داس، دتی چند کے ساتھ دولت مشترکہ کھیلوں کے لیے 100m اور چارگناچارسوریلے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔لیکن دھن لکشمی نہیں گئیں۔
بتایا گیا کہ ان کا ویزہ نہیں لگا ہے لیکن منتظمین نے چیمپئن شپ سے ان کی انٹری ہٹا دی۔ دھن لکشمی نے 26 جون کو کوسانوو میموریل ایتھلیٹکس میٹ میں 200 میٹر میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے 22.89 سیکنڈ کا وقت نکالا تھا اور قومی ریکارڈ ہولڈر سرسوتی ساہا (22.82 سیکنڈ) اور ہیما داس (22.88 سیکنڈ) کے بعد 23 سیکنڈ سے کم وقت نکالنے والی تیسری ہندوستانی بن گئیں۔24 سالہ ایشوریہ کا گذشتہ ماہ چنئی میں ہونے والی قومی بین الصوبائی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران ناڈا کے حکام نے نمونہ لیا تھا۔ ان کے ٹیسٹ کا نتیجہ پازیٹیو آیا ہے۔ ایشوریہ نے چنئی میں ٹرپل جمپ میں قومی ریکارڈ بنایا تھا۔






