نئی دہلی//بھارت 2022 کے کامن ویلتھ گیمز کے لیے تیار ہو رہا ہے ، موجودہ اور سابق ہندوستانی خواتین ہاکی کھلاڑیوں نے باوقار ٹورنامنٹ کے پچھلے ایڈیشنز کے اپنے یادگار لمحات کا اشتراک کیا۔ہندوستان کی سابق گول کیپر ہیلن میری جنہوں نے 2002 کے کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کی تاریخی گولڈ میڈل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، کہا کہ پوری 2002 کامن ویلتھ گیمز کی مہم واقعی میرا پسندیدہ لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کراس اوور میچ میں جس طرح سے ہم واپس آئے اس سے ہمیں حوصلہ ملا۔ پہلے ہاف میں 0-3 سے پیچھے رہنے کے بعد ہم اضافی وقت میں واپس آئے اور میچ 4-3 سے جیتا۔ پھر ہم نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 2-1 سے شکست دی، اس کے بعد فائنل میں میزبان انگلینڈ کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی ، لیکن یہ گزشتہ آٹھ نو ماہ کی محنت کا نتیجہ تھا اور ٹیم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت تھی۔
ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کی سابق کپتان اسونتا لاکڑا نے 2006 کے ملبورن کامن ویلتھ گیمز کے اپنے پسندیدہ لمحے کو یاد کیا ، جہاں ہندوستان نے فائنل میں میزبان آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-1 سے ہارنے کے بعد چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ سینئر ٹیم کے ساتھ میرا پہلا بڑا ٹورنامنٹ تھا اور میں نے ابتدائی کھیل میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا گول کیا ، اس لیے یہ کامن ویلتھ گیمز کی میری پسندیدہ یاد ہے۔ ہم بہت کم فرق سے گولڈ سے محروم ہو گئے۔
لیکن مجموعی طور پر یہ ایک بہت اچھا تجربہ تھا۔ ہم نے پول مرحلے میں دوسرا مقام حاصل کیا اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 1-0سے ہرا کر کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا مسلسل دوسرا تمغہ کویقینی بنایا۔اس درمیان موجودہ کھلاڑی نوجوت کور اور نونیت کور نے بھی کامن ویلتھ گیمز کے اپنے یادگار لمحات کو شیئر کیا۔نوجوت جنہوں نے 2014 اور 2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لیاتھا کہاکہ یہ میرا تیسراکامن ویلتھ گیمز ہوگا ، اور اس باوقار ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنا ہمیشہ اعزاز کی بات ہے۔ گزشتہ ایڈیشن میں پول مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف جیت، ٹورنامنٹ کا میرا سب سے بہترین یادوں میں سے ایک ہے۔
ہم تمغے سے محروم رہے ، لیکن ہم برمنگھم میں تاریخ رقم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔نونیت نے پول مرحلے کے میچ میں انگلینڈ کے خلاف جیت کو بھی اپنے یادگار لمحات میں سے ایک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس میچ میں ایک گول کیا اور ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالنا ہمیشہ ایک خاص احساس ہوتا ہے۔ یہ میرے کیریئر کا پہلا کامن ویلتھ گیمز بھی تھا۔ مجھے اس کا ہر لمحہ اب بھی یاد ہے۔ہندوستانی ٹیم اس وقت ناٹنگھم میں آخری تیاری کیمپ لگا رہی ہے۔ وہ 23 جولائی 2022 کو برمنگھم کے لیے روانہ ہوں گی۔ سویتا کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم پول مرحلے میں 29 جولائی کو گھانا ، 30 جولائی کو ویلز ، 02 اگست کو انگلینڈ اور 03 اگست کو کینیڈا سے مقابلہ کرے گی۔






