گالے//پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے دوران سری لنکا کے تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے ایک خاص کارنامہ اپنے نام کر لیا ہے۔
گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں میتھیوز میدان میں اترتے ہی سو ٹیسٹ کھیلنے والے چھٹے سری لنکن کرکٹر بن گئے۔ سری لنکا کے لیے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز مہیلا جے وردھنے نے سب سے زیادہ 149 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔میچ شروع ہونے سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے اینجلو میتھیوز کو اعزاز سے نوازا گیا۔
سری لنکا کرکٹ نے ٹویٹ کیا کہ اینجلو میتھیوز کو اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قبل خصوصی کیپ اور خصوصی تحفہ ملا۔ اس خاص موقع پر میتھیوز کے ساتھ ان کا پورا خاندان موجود تھا۔قابل ذکر ہے کہ اینجلو میتھیوز نے 22 سال کی عمر میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد میتھیوز نے اس میچ سے قبل 99 ٹیسٹ میچوں میں 45.2 کی اوسط سے 6876 رنز بنائے ہیں۔ میتھیوز نے اب تک 218 بین الاقوامی ون ڈے اور 70 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ون ڈے میں 5835 اور ٹی ٹوئنٹی میں 1148 رنز بنائے۔






