میلبورن//کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے بھارت میں بگ بیش لیگ سمیت ملک میں بین الاقوامی میچوں کو نشر کرنے کے لئے ڈزنی اسٹار کے ساتھ سات سالہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ ڈزنی اسٹار سونی کی جگہ لے گا، جس کے پاس 18 ۔ 2017 کے سیزن سے آسٹریلیائی حقوق ہیں۔اتوار کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ ڈزنی اسٹار نے سات سال کے معاہدے پر آسٹریلیا
میں کھیلے جانے والے مردوں اور خواتین کے تمام بین الاقوامی کرکٹ میچوں کو بھارت میں نشر کرنے کے حقوق حاصل کر لئے ہیں۔ یہ معاہدہ 24 ۔ 2023 سے شروع ہوگا۔ اس کے تحت ڈزنی اسٹار آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے تمام بین الاقوامی میچوں کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ مارکیٹ (انڈیا) میں بگ بیش لیگ اور خواتین کی بگ بیش لیگ کو نشر کرے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے نے ایک بیان میں کہا: ہمیں24 ۔ 2023 سیزن کے لئے ڈزنی اسٹار کے ساتھ اس نئی شراکت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈزنی اسٹار بھارت میں کھیلوں کی نشریات کا دوسرا نام ہے اور ہم ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔






