مانچسٹر// ڈینیئل وین ڈی ڈونک کے شاندار گول کی بدولت نیدرلینڈ نے بدھ کی رات لیہ اسپورٹس ولیج میں 2022 ویمنس یورو کپ کے اپنے گروپ سی کے میچ میں پرتگال کو 3-2 سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیدرلینڈ گروپ ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گیا ہے۔
چوٹ اور بیماری سے نبردآزما ڈچ ٹیم کو ساتویں منٹ میں ہی ڈیمارس ایگورولا نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے ہالینڈ کی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔نو منٹ بعد اسٹیفنی وین ڈیر گریگٹ نے ایک اور گول کر کے ڈچ ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا۔2-0 سے پیچھے رہنے کے باوجود پرتگال نے ہمت نہیں ہاری۔ کیرول کوسٹا نے میچ کے 38ویں منٹ میں پنالٹی کے ذریعہگول کر کے پرتگال کا کھاتہ کھولا۔ ہاف ٹائم تک پرتگال میچ میں ایک گول سے پیچھے چل رہا تھا۔
ہاف ٹائم کے دو منٹ بعد ڈیانا سلوا نے گول کرکے پرتگال کو 2-2 سے برابر ی پر لا دیا۔میچ کے 62ویں منٹ میں ڈینیئل وین ڈی ڈونک نے گول کر کے نیدرلینڈز کو 3-2 سے آگے کر دیا اور اسکور بالآخر فیصلہ کن ثابت ہوا۔نیدرلینڈ کے فی الحال دو میچوں میں سویڈن کے برابر چار پوائنٹس ہیں۔ سویڈن نے سوئٹزر لینڈکے خلاف اپنی پہلی جیت 2-1 سے حاصل کی تھی۔ نیدرلینڈ اپنے آخری میچ میں سوئٹزرلینڈ سے کھیلے گا جبکہ پرتگال کا مقابلہ سویڈن سے ہوگا۔ دونوں میچ17 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔






