نئی دلی// ہندوستان اور گھانا نے جمعہکو دفتر خارجہ کے مشاورتی اجلاس کا تیسرا دور منعقد کیا جس میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور صلاحیت سازی کے معاملات کا احاطہ کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستان کی جانب سے، بات چیت کی قیادت سینٹرل اینڈ ویسٹ افریقہ ڈویژن (سی اینڈ ڈبلیو اے) کے جوائنٹ
سکریٹری سیولا نائک مودے نے کی جبکہ گھانا کے نائب وزیر خارجہ کواکو امپراتوم سرپونگ نے گھانا کی طرف سے قیادت کی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، دونوں فریقوں نے دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیر الجہتی فورمز پر اپنے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بیان کے مطابق، ہندوستان اور گھانا کے تعلقات روایتی طور پر گرمجوشی کے رہے ہیں اور مشترکہ تاریخی تعلقات، اقدار اور وژن پر مبنی ہیں۔
دونوں طرف سے باقاعدہ دورے ہوتے رہے ہیں۔ گھانا میں دو طرفہ تجارت اور ہندوستانی سرمایہ کاری مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 2021-22 کے دوران ہندوستان اور گھانا کے درمیان باہمی تجارت 2.60 بلین امریکی ڈالر تھی۔ ہندوستان گھانا میں سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے، ہندوستانی کمپنیوں نے گھانا میں تعمیر، مینوفیکچرنگ، ٹریڈنگ، فارماسیوٹیکل، ایگرو پروسیسنگ، خدمات، سیاحت وغیرہ سمیت مختلف شعبوں میں 730 سے ز یادہ پروجیکٹوں میں1.7 بلین امریکی ڈالرسے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ بیان کے مطابق یہ مذاکرات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئے۔
دونوں فریقوں نے اگلی مشاورت ایکرا (گھانا) میں باہمی طور پر مناسب تاریخ پر منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ انڈیا۔گھانا فارن آفس کنسلٹیشنز (ایف او سی( کا دوسرا ایڈیشن 2 جولائی کو ہوا، جہاں دونوں فریقوں نے مصروفیت کی گہرائی اور رفتار کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا جو باہمی فائدے کے لیے ہو گا۔ گھانا نے جمہوریہ گھانا کے صدر کے طور پر صدر اکوفو-اڈو کی دوسری میعاد کے لیے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 6 سے 7 جنوری تک وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلیدھرن کے دورے کو سراہا ہے۔ مذاکرات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ دونوں فریقوں نے اگلی مشاورت باہمی طور پر مناسب تاریخ پر نئی دہلی میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔






