نئی دہلی//پچھلے کچھ دنوں سے دارالحکومت دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں لوگ چلچلاتی گرمی اور نمی سے بہت پریشان ہیں لیکن اب لوگوں کو گرمی سے راحت مل گئی ہے۔ لوگوں نے صبح انکھ کھولی تو ہر طرف بادل چھائے ہوئے تھے اور اب رم جھم بارش ہورہی ہے۔دہلی-این سی آر کے میں آج صبح سے بارش ہو رہی ہے۔کچھ علاقوں میں سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے اور ٹرافک جام کا مسئلہ بھی پید اہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں آج یعنی 30 جون کو پہنچ گیاہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 30 جون سے یکم جولائی تک ان علاقوں میں مانسون انٹری لینے کا امکان تھا۔اس کے علاوہ اگلے دو روز تک موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اگر ہم درجہ حرارت کی بات کریں تو دہلی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کا آسمان آج زیادہ تر ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات نے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 30 جون کو نہ صرف دہلی بلکہ دہلی کے آس پاس کے علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔غازی آباد، گوتم بدھ نگر، گروگرام، فرید آباد جیسی جگہوں پر آئی ایم ڈی نے شدید بارش کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں جمعرات کو دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔محکمہ موسمیات نے آج سے 5 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون اور یکم جولائی کے بعد 2 اور 3 جولائی کو دہلی سے ایک بار پھر موسم صاف ہونے کی امید ہے۔ تاہم اس دوران مطلع ابر آلود رہے گا اور دو دن کی بارش سے موسم میں کچھ ٹھنڈک رہے گی۔ اس کے بعد 4 اور 5 جولائی تک لوگوں کو ایک بار پھر بارش کا موسم دیکھنے کو ملے گا۔






