ساؤتھمپٹن// ہاردک پانڈیا (51 رن، 4 وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 50 رنوں سے شکست دے دی۔جمعرات کو ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے سامنے 199 رنوں کا ہدف رکھاتھا جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 148 رن پرہی آل آؤٹ ہو گئی۔199 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے اپنے پہلے چار وکٹ صرف 33 رنز پر گنوا دیں۔ اوپنر جوس بٹلر کو پہلی ہی گیند پر بھونیشور کمار نے بولڈ کر دیا جس کے کچھ دیر بعد ہی پانڈیا نے ڈیوڈ ملان (21) اور لیام لیونگسٹون (0) کو پویلین لوٹایا۔ہاردک نے جیسن رائے کا وکٹ بھی لیا جو 16 گیندوں میں صرف چار رن بنا سکے۔
اس کے بعد ہیری بروک اور معین علی نے انگلینڈ کو میچ میں واپس لانے کی کوشش میں پانچویں وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ یزویندر چہل کی گیند پر آوٹ ہونے سے پہلے بروک نے 23 گیندوں میں دوچوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 28 رن بنائے، جبکہ معین علی نے 20 گیندوں پر چارچوکوں اورایک چھکا کی مدد سے 36 رنوں کی اننگ کھیلی۔اس کے علاوہ کرس جارڈن نے 26 (17) کی اننگ میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کردار ادا نہ کرسکا اور انگلینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے 148 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔پانڈیا نے ہندوستان کے لیے 33 رن دے کرچار وکٹ لئے، جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرتے ہوئے ارشدیپ سنگھ (18/2) اور چہل (32/2) کو بھی دو دو وکٹ حاصل ہوئے۔
اس سے قبل آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا (51) کی عمدہ نصف سنچری اور سوریہ کمار یادو (39)، دیپک ہڈا (33) اور کپتان روہت شرما (24) کی تیز اننگز سے ہندوستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر198 رنوں کو مضبوط اسکور بنایاتھا۔ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاور پلے میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے 66 رن بناڈالے۔ کورونا سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں واپس آنے والے کپتان روہت شرما نے 14 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے۔
ایشان کشن آٹھ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کو آف اسپنر معین علی نے آؤٹ کیا۔دیپک ہڈا 17 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سوریہ نے 19 گیندوں پر 39 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ہندوستانی اننگ کو ہاردک نے سنبھالا جنہوں نے 33 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 51 رن بنائے۔اکشر پٹیل نے 12 گیندوں میں 17 اور دنیش کارتک نے 7 گیندوں میں 9 رن بنائے۔
آخری اوورز میں ہندوستان قدرے سست تھا اور آخری تین اوورز میں صرف 20 رنز ہی بنا سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس جارڈن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستان نے مسلسل وکٹ گرتے رہنے کے باوجود تیز آغازکیاتھا اور مسلسل رن ریٹ برقرار رکھا۔ دیپک ہڈا، سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا نے درمیان میں شاندار اننگز کھیلی اور ایک موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ ہندوستان 200 سے اوپر کا بڑا اسکور بنا لے گا۔ لیکن آخری پانچ اووروں میں انگلش گیند بازوں نے کمال کی واپسی کی اور صرف 41 رن دے کر ہندوستان کے چار اہم وکٹ لئے اورہندوستان کو 200 کے اندر ہی روک دیا۔ہاردک پانڈیا کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔






