نئی دہلی// بھارت کی وزارت تجارت و صنعت کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر سریکر کے ریڈی کی سربراہی میں بھارت کے پانچ رکنی وفد نے مصر میں بھارت کے سفیر جناب اجیت گپتے کے ہمراہ 26 جولائی 2022 کو قاہرہ میں مصر کی تجارت و صنعت کی وزیر محترمہ نیوین گیمیا سے ملاقات کی۔ 25 جولائی 2022 کو منعقدہ بھارت مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے پانچویں اجلاس کی متفقہ روداد پر دونوں فریقوں کے درمیان معزز وزیر کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔جے ٹی سی کی مشترکہ صدارت مصری کمرشل سروس (ای سی ایس) کے فرسٹ انڈر سیکرٹری اور سربراہ جناب یحییٰ الواثق باللہ اور بھارت کی وزارت تجارت و صنعت کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر سریکر کے ریڈی نے کی۔
مصر میں بھارت کے سفیر عزت مآب جناب اجیت گپتے اور بھارت اور مصر کے متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدیداروں نے بھی پانچویں جے ٹی سی اجلاس میں شرکت کی۔ بھارت اور مصر کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں مضبوط ترقی کے پس منظر میں بھارت اور مصر جے ٹی سی کا انعقاد کیا گیا۔ مالی سال 2021-22 میں دو طرفہ تجارت 7.26 بلین امریکی ڈالر کی تاریخی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جو مالی سال 2020-21 کے مقابلے میں 75 فیصد زیادہ ہے۔ مصر خطے میں بھارت کے لیے سرمایہ کاری کے سب سے اہم مقامات میں سے ایک ہے جس میں موجودہ بھارتی سرمایہ کاری 3.15 بلین امریکی ڈالر ہے۔ بھارتی کمپنیاں مصر میں متعدد منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دونوں فریقوں نے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں حالیہ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ تعلقات پہلے ہی بہترین ہونے کے باوجود اس میں مزید اضافے کی بہت بڑی گنجائش موجود ہے۔ اس مقصد کے لیے دونوں فریقوں نے دو طرفہ تجارت کے ساتھ ساتھ باہمی فائدے کی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے فوکس کے متعدد شعبوں کی نشاندہی کی۔ ان میں خوراک، زرعی اور سمندری مصنوعات، توانائی خاص طور پر قابل تجدید توانائی بشمول گرین ہائیڈروجن اور گرین امونیا، صحت اور ادویہ سازی، کیمیکلز اور پیٹرو کیمیکلز، ایم ایس ایم ایز، انجینئرنگ کا سازو سامان، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی اور آئی ٹی فعال خدمات، نیز سیاحت وغیرہ شامل ہیں۔ دونوں فریقوں نے معیارات، آئی ٹی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مفاہمت ناموں کے لیے جاری مذاکروں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور انھیں تیزی سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔






