کانگریس نے ہریانہ کے نوح میں غیر قانونی کانکنی مافیا کے ذریعہ ہریانہ پولیس کے ڈی ایس پی سریندر سنگھ کے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس رکن پارلیمنٹ جئے رام رمیش نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سریندر سنگھ کے کنبہ سے اظہارِ ہمدردی بھی کی۔
اپنے بیان میں جئے رام رمیش نے کہا کہ ”بی جے پی کے دور اقتدار میں ہریانہ میں نظامِ قانون پوری طرح سے ناکام ہو چکا ہے۔ سرکاری تحفظ میں پھل پھول رہے غیر قانونی کانکنی مافیاؤں کی ہمت اب اتنی بڑھ گئی ہے کہ انھوں نے نوح ضلع کے تاوڈو میں ہریانہ پولیس کے ایک ڈی ایس پی پر ڈمپر چڑھا کر قتل کر دیا۔
یہ شرمناک واقعہ ہریانہ میں پوری طرح سے تباہ ہو چکے نظامِ قانون کی مزید ایک مثال ہے جہاں مجرم برسرعام ننگا ناچ کر رہے ہیں اور ریاستی عوام ان جرائم پیشوں کے خوف میں جینے کو مجبور ہے۔اپنے بیان میں کانگریس رکن پارلیمنٹ یہ بھی کہتے ہیں کہ اس دل دہلا دینے والے واقعہ نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور اس پورے معاملے کی ہائی کورٹ کی دیکھ ریکھ میں آزادانہ جانچ ہونی چاہیے۔ اس شرمناک واقعہ کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو اپنے عہدہ پر بنے رہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں رہ گیا ہے، انھیں اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔






