بڈگام/ 23مارچ/ریاض بڈھانہ
ضلع بڈگام کے علاقہ گوگجی پتھری ونگواس میں اُس وقت سوگ کی فضا چھا گئی جب ایک مقامی نوجوان کی موت کی خبر علاقے میں جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل گئی۔
مقتول کی بیوی کے بیان کے مطابق شبیر احمد جہارہ صبح سحری کے وقت اپنے گھر سے بحفاظت باہر نکلا اور بعد میں اپنے گھر کے آنگن میں مردہ پایا گیا،جس کے بعد پڑوسیوں کو بلایا گیا اور بعد میں پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس فورً موقع پر پہنچ گئی اور مکان کو سیل کرنے کے بعد لاش کو ضروری لوازمات کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔
اہل علاقہ کے مطابق یہ دونوں میاں بیوی گھر میں اکیلے رہتے تھے اور مقتول کے والد پنجاب میں جبکہ چھوٹا بھائی تعلیم کے سلسلے میں سری نگر میں مقیم تھا۔
ادھر اہل علاقہ کے لوگوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے واقعہ کو قتل قرار دیا ہے اور قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
تاہم ایس ایچ او چاڈورہ کے علاوہ ایس ڈی پی او چرار شریف اویس احمد وانی خود موقع پر گئے
اور وہاں جا کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا٠ اہل علاقہ کے لوگوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی تعریف بھی کی پولیس کی جانب سے ملی اطلاع کے مطابق اس حوالے سے پولیس سٹیشن چاڈورہ میں معاملے کی نسبت مقدمہ زیر نمبر37/24/U/S 302 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے اور ایس ڈی پی او چرار شریف اویس احمد وانی خود اس کیس کی نگرانی کر رہے ہیں ، امید ہے کہ بہت جلد اس معاملے کی نسبت سے مزید معلومات نکل کر سامنے آئیں گی۔






