بڈگام / 30اپریل/ریاض بڈھانہ
چرار شریف کے دیہی علاقوں میں گزشتہ دنوں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے ڈھیر گر آئے ہیں بارشوں کے سبب زمین کھسک رہی ہے اور کئی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے جہاں حاجی محلہ چونٹی نارڈ کے رہائشی اعجاز احمد نیگرو کی جانب سے مکان کے لیے ڈلا ہوا چبوترہ مٹی کے ڈھیر کے نیچے دب گیا ہے اور زمین کھسکنے کی وجہ سے نقصان بھی پہنچا ہے وہی یہاں پر موجود دیگر مکانات کو بھی خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہاں زمین کھسک رہی ہے اور لوگوں کے پاس کوئی متبادل انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگ سخت پریشان ہیں۔بنجر کے ایک مقامی منظور احمد کھانڈے کے مکان کے آگے سے بھی زمین کھسک رہی ہے اور بنجر گاوں کے واصل احمد میر کے گھر کو اس قدر نقصان پہنچا ہے کہ مذکورہ شخص کا گھر اب رہنے کے قابل نہیں رہا اور دودھ کھتو وانی محلہ میں بشیر احمد وانی کے مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کے مکان میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ چکی ہیں، وانی محلہ کی رابطہ سڑک بھی پھسل گئی ہے جو اب آمد رفت کے قابل نہیں رہی ہے۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی محکمے کی طرف سے کوئی خاص پیش رفت نظر نہیں آئی اور نہ ہی یہاں کوئی موقع پر آیا ہم ان گھروں میں غیر محفوظ ہیں اور یہاں لینڈ سلائیڈنگ بعض اوقات بھاری نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ان علاقوں میں زمین لبرو ہے اور زمین اکثر لینڈ سلائیڈنگ کا شکار رہتی ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ اس طرف فوری توجہ دی جائے تاکہ کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔






