سرینگر/4ستمبر/اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کے لیے ایک جامع ریلیف پیکیج کا اعلان کرے جنہیں جموں و کشمیر میں حالیہ قدرتی آفات کی وجہ سے بھاری جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اپنے ایک بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ”جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں حالیہ ایام کے دوران بادلوں کے پھٹنے، سیلاب، طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے پے درپے واقعات کی وجہ سے کئی انسانی زندگیوں کے اتلاف کے ساتھ ساتھ املاک، فصلوں اور گاڑیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ نقصان کا دائرہ اتنا وسیع ہے کہ مرکزی حکومت کے لیے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ سامنے آکر متاثرہ لوگوں کے لیے مناسب معاوضہ کو یقینی بنائے۔ میں مرکزی حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر میں حالیہ قدرتی آفات کے متاثرین کے لیے ایک جامع ریلیف پیکیج کا اعلان کرے۔“انہوں نے مزید کہا کہ ”زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول کسانوں، باغبانوں اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جبکہ سیلاب سے ہزاروں خاندانوں کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مرکزی حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ متاثرہ افراد کو فوری اور موثر امداد فراہم کرے۔“






