نئی دلی// وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 17 ویں سی آئی سی۔ ایگزم بنک کانکلیومیں ہندوستان۔افریقہ کی ترقی کی شراکت داری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے افریقہ کو 12.3 بلین ڈالر سے زیادہ کے رعایتی قرضے فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے سفر میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہونے کے ناطے، ہندوستان نے افریقہ کو 12.3 بلین ڈالر سے زیادہ کے رعایتی قرضوں میں توسیع کی ہے۔ ہم نے اب تک 197 پروجیکٹ مکمل کیے ہیں، 65 اور اس وقت تکمیل کے مراحل میں ہیں اور 81 پہلے سے عمل میں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ہندوستان نے 700 ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ امداد دی ہے۔ مختلف شعبوں میں ہمارے ترقیاتی منصوبوں جیسے پینے کے پانی کی اسکیموں سے لے کر آبپاشی، دیہی شمسی بجلی، پاور پلانٹس، ٹرانسمیشن لائنز، سیمنٹ، چینی اور ٹیکسٹائل کے کارخانے، ٹیکنالوجی پارکس، ریلوے انفراسٹرکچر وغیرہ نے مقامی روزگار پیدا کیا ہے اور افریقہ میں بہت سے لوگوں کی زندگی بدل دی ہے۔
جے شنکر نے افریقی ممالک جیسے گیمبیا، زامبیا، ماریشس، نمیبیا اور جنوبی سوڈان میں ہندوستان کے ذریعہ کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ وزیر خارجہ نے کہا، گیمبیا میں، ہندوستان نے قومی اسمبلی کی عمارت تعمیر کی ہے اور پانی کی فراہمی، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کے منصوبے شروع کیے ہیں۔زیمبیا میں، ہندوستان اہم ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، پری فیبریکیٹڈ ہیلتھ پوسٹس کی تعمیر اور گاڑیوں کی سپلائی میں شامل رہا ہے۔ ماریشس میں، ہمارے حالیہ قابل ذکر پروجیکٹ میں میٹرو ایکسپریس، نئی سپریم کورٹ اور سوشل ہاؤسنگ شامل ہیں۔
انہوں نے تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے افریقہ میں تربیت اور تعلیم پر توجہ دینے پر زور دیا۔ جے شنکر نے کہا، نمیبیا میں، آئی ٹی میں ایک نیا سنٹر آف ایکسیلنس ابھی کام کر رہا ہے، جب کہ جنوبی سوڈان میں بہت سے دوسرے افریقی شراکت داروں کے ساتھ، ہم تربیت اور تعلیم پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور تعاون کے نئے مواقع کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کووڈ۔ 19 وبائی امراض کے دوران ہندوستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعاون پر مزید زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 32 افریقی ممالک کو ہندوستان سے 150 ٹن طبی امداد ملی۔ ان میں سے بہت سے لوگوں نے ‘میڈ ان انڈیا ویکسین کا بھی استعمال کیا، جو براہ راست یا دوسری صورت میں ہم سے موصول ہوا۔ جے شنکر نے کہا، “یہ ہمارے درمیان تعاون کے تمام اہم شعبے ہیں اور اس نے ہندوستان-افریقہ کی کاروباری برادری کے درمیان ایک گونج پیدا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افریقہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے نقطہ نظر میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، جس کی عکاسی بڑھتے ہوئے سفارتی قدموں سے ہوتی ہے جو آج 43 افریقی ممالک پر محیط ہے۔






