جموں/29 جنوری/انفو/
جمعرات کے روز ایم اے اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی روایتی ’بیٹنگ ریٹریٹ‘ تقریب کے ساتھ چار روزہ یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا شاندار اختتام ہوا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کے دوران قومی جذبے سے لبریز ماحول دیکھنے کو ملا، جب مسلح افواج اور جموں و کشمیر پولیس کے براس اور پائپ ڈرم بینڈز نے دل موہ لینے والی حب الوطنی پر مبنی دھنیں پیش کیں۔ سامعین کو ”اے میرے وطن کے لوگوں“ سمیت دیگر کلاسیکی ملی نغموں کی روح پرور دھنوں نے خوب محظوظ کیا۔اپنی شاندار کارکردگی اور فنکارانہ مظاہرے کے اعتراف میں لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کے دستوں، پریڈ کمانڈر، سابق فوجیوں، پائپ و براس بینڈز، مارچنگ دستوں (لڑکے اور لڑکیاں)، ڈئیر ڈیولز، کمنٹیٹرز، ثقافتی فنکاروں اور بہترین ٹیبلوز کو اعزازات سے نوازا۔تقریب کے دوران محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کی جانب سے منعقدہ وندے ماترم سنگنگ مقابلے اور یو ٹی سطح کے آن لائن مضمون نویسی مقابلے کے کامیاب شرکاءکو بھی اعزازات پیش کیے گئے۔بیٹنگ ریٹریٹ تقریب کا اختتام مقبول قومی نغمے ’سارے جہاں سے اچھا‘ کی دھن کے ساتھ شاندار آتش بازی، ساو¿نڈ اینڈ لائٹ شو اور بعد ازاں قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔






