سرینگر/ 04 فروری/پی آئی بی/ کیرالہ کے گورنر جناب راجندر وشواناتھ آرلیکر نے آج کہا کہ کیرالہ اور جموں و کشمیر کے درمیان گہرے روحانی اور ثقافتی روابط قائم ہیں جو جغرافیائی سرحدوں اور وقت کی قید سے ماورا ہیں۔ وہ منگل کے روز لوک بھون میں جموں و کشمیر سے آئے ہوئے ایک میڈیا وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ یہ دورہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے تحت پریس انفارمیشن بیورو، سرینگر کی جانب سے منعقدہ ایک میڈیا ٹور کا حصہ تھا۔کیرالہ کی بھرپور روحانی اور ثقافتی وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے گورنر نے دونوں خطوں کے درمیان تاریخی تعلق کا حوالہ دیا، جو کیرالہ میں پیدا ہونے والے عظیم فلسفی و سنت آدی شنکراچاریہ سے جڑا ہے، جن کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ انہوں نے سرینگر میں شاردا پیٹھ قائم کی تھی۔ گورنر کے مطابق یہ واقعہ کیرالہ اور کشمیر کے درمیان تہذیبی رشتوں کی ایک پائیدار علامت ہے۔دورے پر آئے وفد کے اراکین نے کیرالہ کی پرخلوص مہمان نوازی کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی صفائی، مو ثر عوامی نقل و حمل کا نظام اور مجموعی شہری معیار نے ان پر گہرا اثر چھوڑا۔چودہ رکنی میڈیا وفد میں دو افسران اور بارہ صحافی شامل تھے۔ خیر سگالی کے جذبے کے تحت گورنر نے وفد کے اراکین کو یادگاری تحائف پیش کیے۔ اس کے جواب میں وفد نے گورنر کو روایتی کشمیری شال اور سماوار پیش کر کے ان کی عزت افزائی کی۔وفد کے ہمراہ پریس انفارمیشن بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جناب وی پلنی چامی آئی آئی ایس اور پی آئی بی سرینگر کے میڈیا و کمیونیکیشن آفیسر، جناب ماجد پنڈت بھی موجود تھے۔دورے کے اختتام پر وفد نے گورنر کو جموں و کشمیر کے دورے کی دعوت دی۔






