سرینگر، 10 فروری/انفو/ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لبرو اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ چکرورتی کی مشترکہ صدارت میں منگل کو نارکو کوآرڈینیشن سینٹر (NCORD) کی ضلعی سطح کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل، منشیات کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گاڑیوں کی ضبطی اور تعلیمی اداروں میں آگاہی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ این کورڈ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی ہے۔ اس مہم کے تحت 73 ملزمان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے گئے ہیں جبکہ 56 گاڑیوں کو ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کشمیر نے بلیک لسٹ کیا ہے۔ڈی سی نے ٹرانسپورٹ محکمہ اور دیگر محکموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن حقوق نہیں بلکہ مراعات ہیں، اور اگر ان کا غلط استعمال منشیات کے کاروبار میں ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات کی تباہ کاریوں سے بچانے کے عزم کو دہرایا۔ایس ایس پی سرینگر نے کہا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا اور مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی، لائسنس کی منسوخی اور گاڑیوں کی ضبطی سمیت تمام اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکموں کے درمیان مزید ہم آہنگی قائم کی جائے گی اور نفاذ، آگاہی اور بحالی اقدامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔اجلاس میں آر ٹی او کشمیر قاضی عرفان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر، ایس ڈی ایمز، چیف میڈیکل آفیسر، ضلع سماجی بہبود افسر اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔






