بارہمولہ کی کامیاب ریلی سے بھاجپا لیڈروں وکارکنوں کے حوصلے بلند
سر ینگر۶، اکتوبر: جے کے این ایس راجوری کے بعدشمالی قصبہ بارہمولہ میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی کامیاب ریلی نے بھاجپا کی جموں وکشمیر شاخ کے لیڈروں اورکارکنوں کے حوصلے کوبلند کردیاہے ،اوروہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اچھی کارکردگی کی توقع کررہے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق شوکت علی اسٹیڈیم بارہمولہ میں بدھ کے روز مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی ریلی میں جس قدر ہزاروںکی تعدادمیں لوگ وادی کے اطراف واکناف سے شامل ہوئے اوربھرپور جوش وخروش کامظاہرہ کیا ،اُس نے بھاجپا لیڈروں اورکارکنوں کاحوصلہ بلندکیاہے ۔بھاجپا کے مقامی لیڈروں کاکہناہے کہ بلاشبہ امت شاہ کی آمد سے ہماراحوصلہ بلندہوا ہے ۔کچھ لیڈروں وعہدیداروںنے بتایاکہ لوگوںنے جس اندازمیں مرکزی وزیرداخلہ کی ریلی میں شرکت کی ،وہ یہ ظاہر کرتاہے کہ لوگوں کواب صرف مرکزی سرکار اوربھاجپاسے ہی اُمید ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ہمارے لئے حوصلہ افزاءتبدیلی ہے ،کیونکہ آج تک کسی کویہ اُمید نہیں تھی کہ بھاجپا کے کسی لیڈر کااس اندازمیں کشمیرمیں والہانہ استقبال کیا جائے گا۔بھاجپاکے ایک لیڈر نے کہاکہ سب سے حوصلہ افزاءبات یہ رہی کہ جلسہ گاہ میں موجود لوگ امت شاہ جی کی تقریر کوبڑی انہماک اورتوجہ سے سن رہے تھے ،اورا س دوران جب مرکزی وزیرداخلہ نے اذان کے وقت اپنی تقریرروک دی تو لوگوںنے اُن کے اس جذبے کانعروں اورتالیوں سے جواب دیا۔بھاجپا کے ایک اورلیڈر نے کہاکہ اب پارٹی کی جموں وکشمیر شاخ کی لیڈر شپ اس بات پرتوجہ مرکوز کررہی ہے کہ کشمیرمیں کس حکمت عملی کے تحت پارٹی کومزید متحرک اورفعال بنایا جائے ۔انہوںنے کہاکہ سات دہائیوں تک کشمیری عوام کوگمراہ کرنے والے اوراستحصال کرنے والے بارہمولہ کے پُرجوش جلسے کودیکھ کردم بخود ہوگئے ہیں اوران کواب کچھ سوجھ ہی نہیں رہاہے ۔بھاجپا لیڈر کاکہناتھاکہ اب ہماری توجہ آئندہ اسمبلی انتخابات پرمرکوز رہے گی ،اورہم پُراُمید ہیں کہ اگلے اسمبلی انتخابات میں بھاجپا جموں صوبے کیساتھ ساتھ کشمیرمیں بھی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرکے اپنے بل پر نئی حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائےگی ۔






