لشکر طیبہ سے وابستہ2مقامی دہشت گرد ہلاک
اننت ناگ:۰۱،اکتوبر:جے کے این ایس /جنوبی کشمیرمیں جاری ملی ٹنسی مخالف کارروائیوں کے بیچ ضلع اننت ناگ کے ٹینگ پووا علاقے میں سیکورٹی فورسزکیساتھ ایک تصادم آرائی میں 2مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے ۔کشمیرزون پولیس نے اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کہاکہ مارے گئے دونوں ملی ٹنٹ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کیساتھ وابستہ تھے اوریہ مہلوک ملی ٹنٹ دہشت گردی کے کئی کیسوںمیں ملوث تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیرزون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر پر اسبات کی جانکاری دی کہ کچھ ملی ٹنٹوںکی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس ،فوج اورفورسزنے اتوار کوشام دیر گئے ضلع اننت ناگ کے ٹینگ پووا علاقے کوچاروں اطراف سے محاصرے میں لے لیا۔پولیس کے مطابق محاصرے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعدجب سیکورٹی فورسزکی مشترکہ ٹیم ایک مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئے ملی ٹنٹوں نے فورسز پر فائرنگ کردی جس سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔انہوںنے کہاکہ دیرشام گئے طرفین کے درمیان شروع ہوئی گولی باری رات کے وقت بھی جاری رہی ۔کشمیرزون پولیس کے مطابق ضلع اننت ناگ کے ٹینگ پووا علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات جاری رہنے والی گولی باری میں ایک ملی ٹنٹ ماراگیاجبکہ آپریشن جاری رہنے کے بیچ کچھ وقت بعدایک اورملی ٹنٹ کوبھی ہلاک کیاگیا،اوراس طرح سے رات بھرجاری رہنے والی اس جھڑپ میں 2ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مارے گئے دونوں ملی ٹنٹوںکی نعشوں اوراسلحہ وگولی بارود کوجائے جھڑپ سے برآمد کیاگیاتاہم مارے گئے ملی ٹنٹوں کی شناخت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے،اوراس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔تاہم کشمیر زون پولیس نے اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار کاحوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہاکہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے2 مقامی درجہ بندی والے دہشت گرد مقابلے میں مارے گئے۔انہوں نے کہاکہ دونوں مہلوک ملی ٹنٹ دہشت گردی کے کئی مقدمات یاکیسوں میں ملوث تھے۔





