مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن کا جموں وکشمیر کا دو روزہ دورہ اِختتام پذیر
کولگام انفو
مرکزی وزیر مملکت ماہی پروری ، ڈیری ، پشو پالن اور اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ایل مروگن کا جموںوکشمیریوٹی کا دو دوزہ دورہ اِختتام پذیر ہوا۔مرکزی وزیر مملکت حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر آج ضلع کولگام کے دورے پر تھے۔دورے کے دوسرے دِن مرکزی وزیر مملکت نے محکمانہ سٹالوں کا معائینہ کیا اورعوامی وفود ، سیلف ہیلپ گروپ کے اراکین اور مختلف سرکاری سکیموں سے اِستفادہ کنندگان سے بھی بات چیت کی ۔ اُنہوں نے گھر پر ویش کے لئے پی ایم اے وائی ۔ جی کے اِستفادہ کنندگان میں کچھ گھریلو سامان بھی تقسیم کیا اور پی ایم اے وائی ۔ یو اور دیگر سکیموں کے اِستفادہ کنندگان میں منظوری نامے بھی تقسیم کئے۔ڈاکٹر ایل مروگن نے اِستفادہ کنندگان کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر یوٹی کی ہمہ گیر ترقی کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل اور زمینی سطح پر فلاحی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے جموںوکشمیر میں مرکزی عوامی رسائی پہل کو ترجیح دی ہے۔وزیر مملکت موصوف نے سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کی ضرورت کی وَضاحت کرتے ہوئے زور دیا کہ حکومت روزگار پیدا کرنے اور اِقتصادی ترقی کے لئے خطے میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے مناسب اقدامات کر رہی ہے۔وزیر مملکت کو جانکاری دی گئی کہ ضلع میں این آر ایل ایم کے تحت3,200 ایس ایچ جی گروپ ہیں ۔مختلف شعبو ں میں خود روزگار پیدا کرنے کی مختلف سکیموں سے 54,000 روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیںاور پی ایم اے وائی ۔ جی کے 1,414 یونٹوں کو بھی ضلع میںمکمل کئے گئے ہیں۔وزیر مملکت نے 6.9 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہونے والے میریج ہال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اَپنے دورے کے دوران مرکزی وزیر مملکت نے ضلعی عوامی نمائندوں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے وزیر موصوف کو عوامی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ وزیر مملکت نے نمائندوں کو ان کے مطالبات کے بروقت حل کی یقینی دہانی کی۔ڈاکٹر ایل مروگن نے مختلف پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر ضلع اِنتظامیہ کی سراہناکی ۔ عوامی رَسائی پروگرام کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ایس ایس پی کولگام ڈاکٹر جی وِی سندیپ اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔بعد میں وزیر مملکت نے سری نگر میں شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں ایک اِختتامی تقریب کی بھی صدارت کی۔ ڈاکٹر ایل مروگن نے ” صحت اور لائیو سٹاک کی پیداوار کی توسیع کے لئے تسلیم شدہ ایجنٹ “ اور ” نامیاتی سبزیوں کی کاشت۔ ٹیکنالوجی اور تکنیک“ کے تربیتی پروگراموں کے شرکا¿ کو شرکت کے سر ٹیفکیٹ حوالے کئے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایل مروگن نے وزیر اعظم کی قابل رہنمائی میں ڈیری ، پشو پالن اور ماہی پروری شعبوں کو خود انحصار بنانے کے لئے مرکزی حکومت کے مختلف اقدامات کا ایک جائزہ پیش کیا۔






