ٹریول ٹریڈ کے نمائندوں نے سیکرٹری سیاحت سے ملاقات کی
محکمہ اورشراکت داروں کو سیاحتی شعبے کی بہتری کےلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ سیکرٹری سیاحت
سری نگر/07نومبر/سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ سے مختلف ٹریول اینڈ ٹور باڈیز کے نمائندوں نے ملاقات کی اور جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحتی منظر نامے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سیاحت کشمیر فضل الحسیب ، محکمہ سیاحت کے اَفسران اور ٹریول اینڈ ٹور آپریٹروں کے نمائندے موجود تھے۔نمائندوں نے وادی کشمیر میں اَپنے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف مسائل اور تجاویز پیش کیں۔اُنہوں نے محکمہ کا متعدد اقدامات کرکے اِس شعبے کو فروغ دینے میں مسلسل تعاون پرشکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ اِس شعبے اور تجارت کے لئے زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرنے کے لئے محکمہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے ملک میں سیاحتی شعبے میں گذشتہ دو برسوں میں حاصل کی گئی برتری کو برقرار رکھنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے اور ان کی فعال شمولیت اور رائے طلب کی۔میٹنگ میں سرمد حفیظ نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے جہاں سیاحتی شعبے سے تعلق رکھنے والے مقامی شراکت دارپہلے سے قائم شدہ سیاحتی مقامات کے علاوہ باہر کے لوگوں کو بھی آف بیٹ سیاحتی مقامات کی پیش کش اور تشہیر کر یں گے تاکہ یونین ٹیریٹری اَپنا نمبر ایک سیاحتی مقام برقرار رکھے۔سیکرٹری سیاحت نے گروپ کومطلع کیاکہ محکمہ نے آنے والے دِنوں اور مہینوں کے لئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر روڈ شوز اورتشہیری ایونٹوں کی ایک سیریز کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ نہ صرف جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحوں کی آمد کوبرقرار رکھا جائے بلکہ اِس میں اِضافہ بھی ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ گلمرگ کے علاوہ سونہ مرگ ، دودھ پتھری اور یوسمرگ جیسے مقامات کو آنے والے سردیوں میں کھلا رکھا جائے گا اور سردیوں کے دوران زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے برفانی سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ اور شراکت داروں کو سیاحتی شعبے کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے کیوں کہ حکومت کا مقصد مقامی شراکت داروں کو ان سیاحتی سرگرمیوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے میں مدد کرنا ہے۔






