سری نگر//کورونابحران کی وجہ سے2سال معطل رہنے کے بعدسالانہ امرناتھ یاترا2022کاجمعرات کی صبح باضابطہ طورپر آغاز ہوگیا۔سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے جمعرات کی صبح2750یاتریوں کے پہلے جتھے کونون ون پہلگام بیس کیمپ میں ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا جبکہ2140یاتریوںپرمشتمل ایک اورقافلہ بال تل گاندربل بیس کیمپ سے امرناتھ گھپاکی جانب روانہ ہوگیا۔اس دوران لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سمیت کئی اعلیٰ سیول ،پولیس اورفوجی وفورسزحکام نے بھی امرناتھ گھپامیں حاضری دیکریہاں اولین پوجاپاٹ میں شرکت کی ۔
اُدھر بھگوتی نگرجموں یاتری نواس سے جمعرات کوسینکڑوںیاتریوں کادوسرا جتھ درجنوں گاڑیوںمیں کشمیرکی جانب روانہ ہوگیا۔ خیال رہے بدھ کوجموں سے روانہ ہونے والے 4890یاتری 176 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سوار ہوکر شام کے وقت سخت ترین سیکورٹی میں پہلگام اوربال تل پہنچے تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق غیرمعمولی سیکورٹی بندوبست اوردیگر انتظامات کے بیچ جمعرات کو43روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2022کاآغاز ہوگیا۔بدھ کی شام جموں یاتری نواس سے کشمیر پہنچنے والے4890یاتری جمعرات کی صبح نون ون پہلگام بیس کیمپ اوربال تل سونہ مرگ بیس کیمپ سے امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہوئے ۔
خشک وخوشگوار موسم کے بیچ یاتریوںکویہ مذہبی سفر شروع کرتے وقت کسی بھی مشکل کاسامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ وہ بم بم بولے کہتے ہوئے دونوں بیس کیمپوں سے روانہ ہوئے ۔اس دوران امرناتھ گھپا کی جانب جانے والے دونوں راستوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ان دونوں راستوں پریاتریوںکوسیکورٹی فرہم کرنے کی ذمہ داری فوج نے سنبھالی ہے ۔
اس دوران معلوم ہواکہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر مرکزی پولیس فورسزکے دستوں کوجگہ جگہ تعینات کیاگیا ہے اور ساتھ ہی دیگر حساس مقامات پر جموں وکشمیر پولیس اورسی آرپی یف کے مشترکہ دستوںکومامور کردیاگیا ہے ۔حکام نے بتایاکہ یاتراکے دونوں راستوں پر سیکورٹی کیساتھ ساتھ دیگر انتظامات بشمول طبی سہولیات کے انتظامات پہلے ہی مکمل کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ 30جون سے11،اگست2022تک جاری رہنے والی43روزہ امرناتھ یاترا میں شرکت کرنے والے متوقع لاکھوں یاتریوںکیلئے سیکورٹی کیساتھ قیام وطعام اورفوری طبی سہولیات کے جامع انتظامات کئے گئے ہیں ۔
حکام کے مطابق نون ون پہلگام اوربال تل گاندربل میں یاتریوںکی سہولیت کیلئے تقریباً3ہزار خیمے نصب کئے گئے ہیں جبکہ یہاں لنگروںکابھی خصوصی انتظام کیاگیا ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ یاتریوںکیلئے 70بستروں والے2اسپتال بھی قائم کئے گئے جبکہ100ایمبولنس گاڑیوںکوبھی یہاں تیاری کی حالت میں رکھاگیا ہے ۔حکام نے بتایاکہ یاتریوںکوہر دوکلومیٹر پرطبی سہولیات بہم رکھنے کیلئے 1500صحت کارکنان بشمول ڈاکٹروں اوردیگر طبی عملے کوبھی تعینات کیاگیا ہے ۔حکام نے مزیدبتایاکہ نون ون پہلگام اوربال تل سے امرناتھ گھپا تک جانے والے دونوں راستوں پرسیکورٹی انتظامات فوج نے اپنے ہاتھ میں لئے ہیں جبکہ سی آر پی ایف کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ جموں و کشمیر پولیس یاتریوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
حکام نے یاترا کیلئے تمام حفاظتی اور دیگر انتظامات کر لئے گئے ہیں۔یادرہے سالانہ امرناتھ یاترا30 جون کو شروع ہوگی،جو43 دن تک چلے گی۔11، اگست کو رکھشا بندھن کے ساتھ سالانہ امرناتھ یاترا2022 اختتام پذیر ہوگی ۔






