ڈی سی بارہمولہ نے کھیلو۔ اِنڈیا سرمائی کھیلوں کے اِنتظامات کا جائزہ لیا
بارہمولہ/11جنوری/ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے یہاں متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں 10 سے 14 فروری 2023 تک گلمرگ میں کھیلو ۔انڈیا سپورٹس اقدام کے تحت سرمائی کھیلوں کے تیسرے ایڈیشن کے انعقاد کے لئے کئے گئے مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے تقریب سے متعلق مختلف پہلوﺅں کاتفصیلی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے مختلف اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے مربوط اَنداز اَپنائے۔اُنہوں نے صحت ، لاجسٹکس اور سپورٹ سروسز ، رہائش ، ٹریفک پلان ، قیام و طعام اور دیگر سہولیات سمیت تمام ضروری اِنتظامات پہلے سے اور بغیر کسی پریشانی کے کرنے پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تقریب کو خوش اَسلوبی سے اَنجام دینے پر زور دیتے ہوئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ کو ہدایت دی کہ وہ مقامی دُکانداروں کے ساتھ رابطہ قائم کریں تاکہ اینٹی سکڈ چینوں اور دیگر خدمات آسانی سے دستیاب رہیں۔اُنہوں نے میکنیکل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ایونٹ کے دوران ٹنگمرگ ۔ گلمرگ روڈ پر گاڑیوں کو آسانی سے چلانے کے لئے اَفرادی قوت اور مشینری کو تیار موڈ میں رکھیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے پورٹیبل پانی اور بجلی کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے پی ایچ اِی اور پی ڈی ڈی کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام خدمات کو فعال اور عوامی سہولیت کے لئے دستیاب رکھیں۔میٹنگ میں کوآرڈی نیشن اور سپورٹ سروسز کے لئے ہیلپ لائن نمبرات کے ساتھ مشترکہ کنٹرول روم کے قیام کے لئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی بارہمولہ ظہور احمد رینہ ، ایڈیشنل ایس پی بارہمولہ ، سی اِی او جی ڈی اے ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ ، چیف میڈیکل آفیسر سمیت دیگر متعلقین نے شرکت کی۔






