یوگا اِنسانیت کیلئے ہندوستان کا عظیم ترین تحفہ لیفٹیننٹ گورنر
سری نگر/انفو/لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے نوین بین الاقوامی یوگا دِن کے موقعہ پر بوٹینکل گارڈن میں یوگا تقریب کی قیادت کی ۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند اور تناﺅ سے پاک زندگی گزارنے کے لئے ہر کسی کو یوگا اَپنے روزمرہ کے معمولات کا ایک حصہ بنانا چاہئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِس برس یوگا کے بین الاقوامی دِن کا نواں ایڈیشن ” واسودھیو ا کٹم بکم کے لئے یوگا“کے تھیم پر منایا جارہا ہے جس کا مطلب ایک زمین ، ایک کنبہ ، ایک مستقبل او رایک صحت ہے جو وزیر وزیر اعظم نریندرمودی ” واسودھیوا کٹم بکم ‘ کے ویژن کو اُجاگر کر تاہے۔اُنہوں نے کہاکہ یوگا اِنسانیت کو ہندوستان کا عظیم ترین تحفہ ہے اور اس نے مذہب ، مسلک اور جغرافیائی حدود کو پار کر کے اِنسانوں کی زندگی کو خوشیوں سے مالا مال کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مہارشی پتن جلی کا پہلا سترا ۔نظم و نسق اور دوسرا ذہن کا توقف یوگا سمجھنے کی کلید ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ تناﺅ کی سطح کو کم کرنے ، ذہن سازی لانے اور جسمانی طاقت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا ،” عظیم بابا مہارشی پتن جلی نے مشاہدہ کیا ہے کہ ہمارے جسم اور ذہن میں اِنتشار ہی تناﺅ، بے چینی ، جسم میں سوزش اور اَمراض قلب کی بنیادی وجہ ہے اور یوگا ہمارے جسم اور ذہن میں ہم آہنگی لاتا ہے۔“لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوگا صرف ایک جسمانی ورزش نہیں ہے بلکہ یہ جسم و دماغ اور فطرت کے درمیان اِتحاد کی علامت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بہتر صحت کے لئے علاج کی بنیادوں پر استوار اس بھرپور اور قدیم روایت کو طبی سائنس اور محققین نے روایتی نظام طب کی ایک منفرد اور نمایاں مشق کے طور پر قبول کیا ہے جس کے ہر عمر کے لوگوں کے لئے جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے زبردست فائدے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یوگا کے لئے جسمانی و ذہنی دونوں میں نظم و ضبط کی ضرورت ہے تاکہ جسم اور ذہن الگ الگ کام نہ کریں بلکہ ایک مربوط اَنداز میں کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ آج کی دُنیا میں ڈاکٹر مریض کی دوا تجویز کرتے ہوئے طویل مدتی صحت کے لئے طرزِ زندگی میں تبدیل لانے کے لئے ہمیشہ مفت اور اہم مشورے دیتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یوگا ایک ایسا وسیلہ ہے جس سے ایک اِنسان کی زندگی گزارنے کے طریقے میں تبدیلی آسکتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یوگا نے اِنسانوں کو صحت مند رہنے کے لئے ہمیشہ مدد کی ہے اور آج دُنیا یوگا کی طرف راغب ہو رہی ہے اور قوم وزیر اعظم کی شکر گزار ہے جو اقوام متحدہ میں یوگا ایونٹ میں شرکت کریں گے ۔ اُنہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف آیوش جموں وکشمیر کو روایتی نظام طب کو فروغ دینے اور کٹھوعہ میں ہومیوپیتھک کالج کی منظوری حاصل کرنے کے لئے اس کی کوششوں کے لئے بھی مبارک باد دی۔بین الاقوامی یوگا دِن کی تقریب میں میئر سری نگر میونسپل کارپوریشن جنید عظیم متو، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ڈی جی پی دِلباغ سنگھ ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ جنگلات دھیرج گپتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ،سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار اور سینئر اَفسروں نے شرکت کی۔






