سکریٹری ثقافت و سیاحت نے کیا چاڈورہ میں دو روزہ واتھورہ کلچرل فیسٹیول کا افتتاح
شاندار ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور اسے زندہ رکھنے کے لیے تمام کوششیں جاری ہیں/ عابد رشید
بڈگام/16 اکتوبر/ریاض بڈھانہ
جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز، نے آل جموں و کشمیر فوک آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے گورنمنٹ ڈگری کالج، چاڈورہ میں دو روزہ واتھورہ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا۔فیسٹیول کا افتتاح کمشنر سیکرٹری، ٹورزم اینڈ کلچر، حکومت جموں و کشمیر ڈاکٹر سید عابد رشید نے کیا جو اس موقع پر بطور مہمان خصوصی تھے ۔دیگر معززین کے علاوہ پرنسپل جی ڈی سی چاڈورہ، پروفیسر رفعت آرا، انچارج آفیسر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر فاروق انور مرزا، ڈاکٹر سید افتخار احمد، ڈاکٹر شبنم رفیق، نثار نسیم، ایم یوسف شاہین، جی ایچ کیو اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر محی الدین اعجاز بھی موجود تھے۔اس موقع پر معروف فنکاروں اور کالج کے طلباءکی پرفارمنس نے حاضرین کی بڑی تعداد کو مسحور کیا۔افتتاحی دن پر فنکاروں کے مختلف گروپوں کی طرف سے پیش کیے گئے پرفارمنس جن میں کشمیری روف، صوفیانہ موسیقی، لوک موسیقی، بھنڈ پاتھر، دمبالی رقص، بچناگما، وانون، لدیشہ شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکریٹری نے منتظمین، فنکاروں اور طلباءکو سرد موسم کے باوجود ایونٹ میں پرجوش شرکت پر سراہا۔انہوں نے کہا کہ جے کے اے اے سی ایل جموں و کشمیر کے دونوں حصوں میں ان ثقافتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں ہماری بھرپور ثقافت کو زندہ کرنے اور اسے زندہ رکھنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ثقافت کو فروغ دینے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے اور فنکاروں یا ثقافتی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کی مدد کے لیے ہمہ وقت پیش پیش ہے تاکہ ہماری بھرپور ثقافت کو زندہ رکھا جا سکے۔اس موقع پر مختلف فنکاروں اور منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔






