نئی دہلی….انفو…..وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر میں مسلسل بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک ایمرجنسی میٹنگ میٹنگ طلب ۔وزیر سکینہ اِیتو اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے انہیں وادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ وزرا¿ جاوید احمد رانا اور ستیش شرما نے صوبہ جموں کی صورتحال کی رپورٹ پیش کی جس میں سیلاب، سڑکوں کی رُکاوٹیں و بندش اور دریا کے کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ خدشے والے علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کے مسائل شامل تھے۔وزیر اعلیٰ نے اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر کارروائی میں تیزی لائی جائے، پانی جمع ہونے والے علاقوں کو صاف کیا جائے، بجلی، پانی اور صحت جیسی بنیادی سہولیتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مکینوں کوحساس و نازک علاقوں سے بروقت نکالنے کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ڈیزاسٹر ریسپانس ایجنسیوں، پولیس اور صحت محکموں کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت دی کہ حساس علاقوں میں راشن، ایندھن، اَدویات اور پینے کے پانی کا خاطر خواہ ذخیرہ رکھا جائے اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں۔وزیر اعلیٰ جہلم اور اِس کی معاون ندیوں میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح، بجلی اور پانی کی فراہمی، سڑک رابطے کی صورتحال کے بارے میں فی گھنٹہ تازہ ترین اطلاعات لے رہے ہیں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ عوام کو بروقت کسی بھی ممکنہ صورتحال سے متعلق پیشگی انتباہات جاری کی جائے اور عوام کو فوری مدد فراہم کی جائے۔اُنہوں نے لوگوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، غیر محفوظ مقامات سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال کی فوراً اطلاع دیں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اورلوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا،”ہمارے شہریوں کی حفاظت اور خیریت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ میں عوام سے چوکنا رہنے کی اپیل کرتا ہوں، اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ ہم سب مل کر اِس آزمائش پر قابو پائیں گے۔“وزیر اعلیٰ نے حکام کو باقاعدہ تازہ ترین اطلاعات فراہم کرنے کی ہدایت دی اور یقین دہانی کی کہ متاثرہ کنبوں کی حفاظت اور اِمداد کے لئے ہر ممکن اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔






