جموں…انفو….وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے مرکزی وزیر یوتھ افئیرز کی زیر صدارت ایک ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی ، جہاں نوجوانوں کی شمولیت ، کھیلوں کی ترقی اور بااختیار بنانے سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ورچوئل میٹنگ میں مختلف ریاستوں اور مرکزی خطوں کے کھیلوں کے وزراءنے شرکت کی ۔ کمشنر سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔ بات چیت کے دوران ستیش شرما نے جموں و کشمیر میں ہونے والی نمایاں تبدیلیوں کو اجاگر کیا ، جہاں کھیل تنازعات سے خواہشات تک ایک پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو جے اینڈ کے اسپورٹس پالیسی ( 2022 ) کے اثرات کے بارے میں بریف کیا ، جس میں ٹیلنٹ کی تلاش ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خطے بھر میں صحت اور تندرستی کی ثقافت پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔ وزیر نے پرچم بردار پروگراموں جیسے کھیلو انڈیا اور اب کھیلیگا جموں و کشمیر کے کردار پر زور دیا ، جو یو ٹی کیپیکس فنڈنگ کے تعاون سے ہر سال ہزاروں نوجوان ایتھلیٹس کو تربیت اور مشغول کر رہے ہیں ۔ حالیہ کامیابیوں کی کہانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر شرما نے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے متاثر کُن نوجوان آئیکنز کی طرف توجہ مبذول کی ۔ نوجوانوں کی شمولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر نے بتایا کہ 2024-25 کے دوران 70 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے کھیلوں اور متعلقہ سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اس سال اس تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے ۔ ستیش شرما نے مرکزی وزیر کے سامنے جموں و کشمیر میں نوجوانوں اور کھیلوں کے اقدامات کو مضبوط کرنے کیلئے کئی اہم تجاویز پیش کیں ۔ مرکزی وزیر نے جموں و کشمیر کی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور جموں و کشمیر میں نوجوانوں اور کھیلوں کے پروگراموں کو مضبوط کرنے کیلئے مرکز کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا ۔






