سری نگر….۱۱، اکتوبر…جے کے این ایس……… ہندوستانی فوج کی چنار کور نے 2 فوجیوں، لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کو خراج عقیدت پیش کیا، جو جنوبی کشمیر کے گڈول کوکر ناگ کے کشتواڑ رینج میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران شدید موسمی حالات کے باعث مارے گئے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق چنار کور نے جمعہ کو ایکس پر پوسٹ کیاکہ چنار کور بہادر لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جو کوکرناگ کے کشتواڑ رینج میں دہشت گردی کےخلاف انتھک کارروائیاں کرتے ہوئے، انتہائی موسمی حالات سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں گنوابیٹھے۔ان کی ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، فوج نے متاثرہ خاندانوں کےساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔پوسٹ میں مزید کہا گیاکہ ان کی ہمت اور لگن ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔ چنار واریرز بہادروں کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ چنار کور نے کہاکہ ہم سوگوار خاندانوں کےساتھ یکجہتی کےساتھ کھڑے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کےلئے پرعزم ہیں ۔ فوج نے جمعرات کو کہا تھاکہ 6اور7 اکتوبر کی درمیانی رات، لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش لاپتہ ہو گئے تھے جب کہ کشتواڑ رینج پر ایک آپریشنل ٹیم نے جنوبی کشمیر کے پہاڑوں میں شدید برفانی طوفان اور وائٹ آو¿ٹ حالات کا سامنا کیا۔اس دوران جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو2 فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران انتہائی موسمی حالات سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں گنوائیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بادامی باغ چھاو¿نی میں آرمی کے چنار کور کے سری نگر میں واقع ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، اور شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے طور پر تابوتوں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ منوج سنہا نے فوج کے بہادروں لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ میں اپنی فوج کے بہادروں لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ قوم ہمارے سپاہیوں کی مثالی بہادری اور بے لوث خدمات کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ہم غم کی اس گھڑی میں اپنے شہیدوں کے خاندانوں کےساتھ یکجہتی کےساتھ کھڑے ہیں ۔






