سری نگر……..انفو…. وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے زیون میں پولیس شہدا¿ کی یادگارمیں ایک پُر وقار تقریب کی قیادت کی جس میں اُنہوں نے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اَپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ تقریب پولیس یومِ یادگار کے موقعہ پر منعقد ہوئی۔تقریب کی صدارت لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاکی جو اِس موقعہ پر مہمانِ خصوصی تھے۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ کابینہ وزرا¿سکینہ ایتو اور جاوید احمد ڈار کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی تھے۔ وزیر اعلیٰ نے شہدا¿ کی جرا¿ت اور عظیم قربانیوں کے اعتراف میں یادگار پر گُل دائرے چڑھائے۔یاد گاری تقریب میں متعدد اراکینِ قانون ساز اسمبلی نے بھی شرکت کی اور شہید ہوئے بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے گُل دائرے چڑھائے ۔اِس موقعہ پرسینئر سرکاری اَفسران اور پولیس اَفسران بھی موجود تھے جن میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر نلین پربھات، ایڈیشنل ڈِی جی پی (آرمڈ) آنند جین اور پرنسپل سیکرٹری داخلہ محکمہ شامل تھے۔گُل دائرے چڑھانے کی تقریب کے بعد وزیراعلیٰ جو کہ مہمانِ خصوصی بھی تھے ، نے خون کے عطیہ کیمپ کا معائینہ کیا جو یادگار ی تقریب کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا گیا تھا۔ اُنہوں نے رَضاکاروں سے گفت شنید کی اور ان کے اِنسانی ہمدردی کے جذبے کی سراہنا کی اور کمیونٹی فلاح و بہبود کے لئے اُن کی بے لوث خدمات کو سراہا۔






