سرینگر….انفو………وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے میڈیا اور سیاحت کے محکمہ کے افسران کی موجودگی میں ایک مختصر تقریب میںرائل سپرنگس گولف کورس پر کشمیر میراتھن 2025 کا سرکاری سامان بشمول کیپ ، میڈل اور ریسنگ کِٹ جو خاص طور پر ایونٹ کے شرکاءکیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، کی رونمائی کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تمام فٹنس کے شائقین کو اپنی صلاحیت کا امتحان دینے اور کشمیر میراتھن 2025 کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت کی کھلی دعوت دی ، جو 2 نومبر کو منعقد ہونے جا رہا ہے ۔ رونمائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایونٹ کیلئے پہلے ہی حوصلہ افزاءتعداد میں رجسٹریشنز موصول ہو چکی ہیں ، جن میں غیر ملکی ایتھلیٹس کی شرکت میں خاص طور پر فُل میراتھن کیٹیگری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ کشمیر کی انوکھی اپیل کو ایسے کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کیلئے اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ” کشمیر ملک کا واحد مقام ہے جو میراتھن کیلئے اتنی خوبصورت مناظر اور مثالی موسم کی پیشکش کرتا ہے ۔ “ انہوں نے مزید کہا کہ رنرز ہاف میراتھن کیٹیگری میں سرینگر کے کچھ انتہائی مشہور مقام سے گذریں گے جن میں جہلم دریا کا کنارہ ، لال چوک ، ڈلگیٹ اور خوبصورت ڈل جھیل کا کنارہ شامل ہے ، جبکہ فُل میراتھن کے شرکاءحضرتبل اور کشمیر یونیورسٹی کی طرف مزید دوڑیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے نوٹ کیا کہ رنرز 6-8 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں مقابلہ کریں گے جو ملک بھر کے دیگر میراتھن مقامات کے گرم موسم کے مقابلے میں ایک نایاب فائدہ ہے ۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ کشمیر میراتھن تیزی سے ایک اعلیٰ کھیلوں کے ایونٹ میں تبدیل ہو رہا ہے اور جلد ہی دہلی میراتھن جیسے معروف میراتھنوں کے ساتھ کھڑا ہو جائے گا جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے منعقد ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ٹورازم ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، سیکرٹری رائل سپرنگس گولف کورس ، جوائینٹ ڈائریکٹر ٹورازم ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔






