سری نگر….۸۱، نومبر….جے کے این ایس… موسم خشک اورآسمان صاف رہنے کے باعث پوری کشمیر وادی میں پیراورمنگل کی درمیانی رات درجہ حرارت نقطہ انجمادسے کئی کئی ڈگری نیچے درج ہوا،تاہم منگل کی صبح حالیہ کئی دنوں کے برعکس سردی کی کم شدت محسوس کی گئی ۔دوران شب سری نگرمیں کم سے کم پارہ منفی 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ منفی3.9ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کیساتھ بارہمولہ سردترین مقام رہا جبکہ پارہ 2.0ڈگری کیساتھ گلمرگ گرم ترین جگہ تھی۔جے کے این ایس کے مطابق معروف ماہر موسمیات سونم لوٹس کی اس پیش گوئی کہ امسال ماہ دسمبر سے جنوری کے دوران جموں وکشمیر اور لداخ خطہ شدیدسردی کی لپیٹ میں رہے گا ،اورکشمیر میں درجہ حرارت منفی8سے10ڈگری سینٹی گریڈتک نیچے گرنے کاامکان ہے ،پوری وادی میں قبل ازوقت شدیدسردی کی لہرکازورقائم ہے،دوران شب درجہ حرارت نقطہ انجمادسے کئی کئی ڈگری نیچے چل رہاہے۔پیراورمنگل کی درمیانی رات درجہ حرارت 2.0ڈگری سینٹی گریڈدرجہ حرارت کیساتھ گلمرگ پورے کشمیر میں سب سے زیادہ گرم مقام تھا جس کا درجہ حرارت معمول سے3.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا۔اس دوران موسم خشک اورآسمان صاف رہنے کے باعث درجہ حرارت میں مسلسل کمی ریکارڈکی جارہی ہے ۔21دسمبر سے شروع ہونے والے40 روزہ شہنشاہ زمستان ’چلہ کلان ‘کی آمد سے5ہفتے قبل کشمیروادی میں سخت سردی کادبدبہ برقرار ہے ،دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج کمی اور آسمان صاف رہنے کے باعث راتوں کے درجہ حرارت میں گراﺅٹ کا سلسلہ جاری ہے ۔ موسمیاتی مرکز سری نگرکی جانب سے منگل کی صبح جاری تفصیلات کے مطابق پیراورمنگل کی درمیانی رات سری نگر میں کم ازکم پارہ منفی1.8ڈگری،قاضی گنڈ : منفی1.3ڈگری،پہلگام: منفی2.8ڈگری،کپواڑہ :منفی1.8ڈگری،کوکرناگ:0.6ڈگری،گلمرگ : 2.0ڈگری،کونی بل:منفی:3.4،اونتی پورہ: منفی2.8ڈگری،بارہمولہ : منفی3.9 ڈگری،بانڈی پورہ : منفی2.6ڈگری،پلوامہ :منفی3.6،شوپیاں : منفی3.7ڈگری،کولگام :منف0.1ڈگری،گاندربل :منفی0.9ڈگری اورسونمرگ: منفی0.8ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔موسمیاتی مرکز سری نگر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ اگلے ایک ہفتے تک کسی قسم کی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ رات کے درجہ حرارت میں 2سے 3 روز تک معمولی بہتری کا امکان ہے۔ ادھرقبل ازوقت شدید سردی کی لہر شروع ہونے کے بعد کشمیرمیں لوگوںنے مشکل ترین موسم کا مقابلہ کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔






