ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ کےلئے ڈرون کے استعمال کو روکنے کیلئے پولیس سرگرم عمل :ڈی جی پی
سری نگر۱۳، اکتوبرجے کے این ایس پولیس چیف دلباغ سنگھ نے ہتھیاروں اورمنشیات کی اسمگلنگ کوایک مسلسل عمل قرار دیتے ہوئے پیرکویہ واضح کیاکہ اگرپاکستانی فوج اوررینجرس کی اسمگلروں کوحمایت حاصل نہ ہوتو یہ سرگرمیاں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔انہوںنے کہاکہ کہاکہ جموں و کشمیر پولیس ڈرون کے ذریعے پاکستان سے ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کےلئے کام کر رہی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس چیف دلباغ سنگھ نے یہاںایک تقریب کے موقعہ پر نامہ نگاروں کوبتایاکہ جموں وکشمیر پولیس بیک وقت ہتھیاروں اورمنشیات کی اسمگلنگ کوروکنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔انہوںنے کہاکہ ”ہم اس چیلنج (ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ کے لئے ڈرون کا استعمال) کا مقابلہ کرنے کےلئے کام پر ہیں۔پولیس چیف کاکہناتھاکہ ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ کےخلاف جاری کارروائیوں میں ملوث بہت سے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اوربڑی مقدار میں ہتھیار اورمنشیات کوبرآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے کہاکہ سرحدپارسے ہتھیاروں اورمنشیات کی اسمگلنگ کا مقصد جموں وکشمیر میں ملی ٹنسی کوزندہ رکھنا ،ملی ٹنٹ گروپوں کی فنڈنگ اوریہاںکی نوجوان نسل کومنشیات کی لت کاشکار بناکر تباہ کرناہے ۔پولیس چیف نے کہا کہ پاکستان کے ’ناپاک عزائم اور کارروائیاں‘ کوئی راز نہیں ہے کیونکہ گزشتہ چند سالوں کے دوران سرحد پار سے ہتھیار، منشیات اور آئی ای ڈی جموں و کشمیر میں ڈرون کے ذریعے بھیجنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایسی بہت سی کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں لیکن اب بھی بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات سرحدپار سے اسمگل کیاجارہی ہیں۔ پولیس چیف نے کہاکہ کالعدم تنظیم لشکر ان اشیاءکا اہم سمگلر ہے۔ اسے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے کیونکہ ڈرون ان علاقوں سے اُڑائے جاتے ہیں جہاں رینجرز اور پاکستانی فوج تعینات ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہاکہ اگر پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی حمایت نہ ہو تو یہ سرگرمیاں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔تقریب کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا کہ اس دن کو قومی اتحاد کے دن کے طور پر منایا جا رہا ہے۔یہ 2014 سے منایا جا رہا ہے۔ یہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سالگرہ بھی ہے جنہوں نے قومی اتحاد اور سالمیت میں شاندار کردار ادا کیا۔یہاں اتحاد پریڈ ہوئی اور اہلکاروں نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کا عہد کیا۔ انہوں نے ملک کی داخلی سلامتی کو برقرار رکھنے کےلئے بھی خود کو وقف کر دیا۔






