اونتی پورہ اور بجبہاڑہ تصادم آرائیوں میں 4دہشت گرد ہلاک
مہلوک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث تھے /اے ڈی جی پی وجے کمار
سری نگر ،یکم/نومبر/ یو پی آئی /جنوبی کشمیر کے کھانڈے پورہ اونتی پورہ اور بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائیوں میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ اونتی پورہ تصادم میں تین ملی ٹینٹ از جان ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں لشکر طیبہ کا مطلو ب تین جنگجو مختیار بٹ بھی شال ہیں جو سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھا۔ یو پی آئی کے مطابق جنوبی کشمیر کے کھانڈے محلہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین ایک مختصر تصادم میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اونتی پورہ کے کھانڈے محلہ گاوں کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہا ں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ، چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران تین ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ مہلوکین میں لشکر طیبہ کا مطلوب ترین جنگجو مختیار بٹ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ تین سیکورٹی فورسز کے قتل میں ملوث رہا ہے ۔ اُن کے مطابق تین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت سیکورٹی کے نظریہ سے بہت بڑی کامیابی ہے۔ دریں اثنا سم تھن بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک عدم شناخت جنگجو ہلاک ہوا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی کشمیر کے سم تھن بجبہاڑہ علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کرجنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی آس پاس علاقوں کے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔






