سرینگر۔۔۔۔02ستمبر ۔۔۔۔سی این آئی۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ چین کی تعریف کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اسے ان کی سفارتی ذہانت اور عالمی معاملات میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ثبوت قرار دیا۔سی این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی 29 اگست سے 1 ستمبر تک جاپان اور چین کے اپنے چار روزہ دورے کے اختتام پر پیر کی شام نئی دہلی واپس پہنچے ۔ چین میں وزیر اعظم مودی نے 31 اگست سے 1 ستمبر تک شنگھائی تعاون تنظیم چوٹی کانفرنس میں شرکت کی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔اس دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ چین کی تعریف کرتے ہوئے اسے ان کی سفارتی ذہانت اور عالمی معاملات میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ثبوت قرار دیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں راجناتھ سنگھ نے کہا”وزیراعظم نریندرمودی کا چین کا کامیاب دورہ ان کی سفارتی مہارت اور جغرافیائی سیاسی زمینی حقائق کو از سر نو تشکیل دینے اور ان میں توازن پیدا کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کے دورے نے SCO (شنگھائی تعاون تنظیم) کے ساتھ ہندوستان کے روابط کو مزید مضبوط کیا ہے۔ چین کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز ہے“۔اس سے قبل ایکس پر ایک پوسٹ میں اس دورے کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات کے دوران اہم عالمی مسائل پر ہندوستان کے موقف پر زور دیا۔ انہوں نے لکھا ” اس سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہوں“۔






