سری نگر//گرمی کی جاری لہر کے چلتے اسبات کااندازہ لگایاجارہاہے کہ امسال کشمیر میں ماہ جولائی میں دن اوررات کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں 2021میں33برس گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی ،کیونکہ 26اور27جولائی کی درمیانی رات شہرمیں شبانہ درجہ حرارت24.8ڈگری سینٹی گریڈ رہاجبکہ9جولائی 2002 کو رات کادرجہ حرارت 24.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھاتاہم سری نگر میں گزشتہ4 دہائیوں میں جولائی کی گرم ترین رات1988 میں ریکارڈ کی گئی جب 21 جولائی کورات کے وقت پارہ25.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جولائی جموں و کشمیر میں گرم ترین مہینہ ماناجاتا ہے،اوراس مہینے درجہ حرارت اپنی بلندیوںکوچھوجاتاہے۔موسمیاتی ماہرین کامانناہے کہ امسال گرم ترین رات کاریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے ،کیونکہ دن کیساتھ ساتھ رات کے وقت بھی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔غور طلب ہے کہ اتواراورپیر کی درمیانی رات سری نگرمیں رات کادرجہ حرارت24ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو معمول سے6.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا ۔کشمیرکے باقی اضلاع میں
بھی اتوار کودن کے وقت پڑنے والی شدید گرمی کے بعدگزشتہ رات درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔موسمیاتی ماہرین کامانناہے کہ امسال ماہ جولائی کشمیر میں گرمی کے نئے ریکارڈ قائم کرسکتاہے ،کیونکہ درجہ حرارت میں تواتر کیساتھ اضافہ ہورہاہے اوررواں موسم میں کسی بڑی تبدیلی کابھی کوئی امکان نظرنہیں آرہاہے ۔ماہرین کہتے ہیں کہ جموںکے مقابلے میں کشمیر میں زیادہ شدیدگرمی اوراضافی درجہ حرارت غیر متوقع موسمی صورتحال کی جانب اشارہ کرتاہے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک ماہر نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ درجہ حرارت میں غیرمتوقع اضافہ ہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ برس 18جولائی کودن کادرجہ حرارت35 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجو، سری نگر8 سالوں میں جولائی کا گرم ترین دن تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس سے قبل سری نگر شہر میں 29 جولائی2013 کو زیادہ سے زیادہ 35.4 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں سری نگر میں اب تک دن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت39.5 ڈگری سینٹی گریڈہے ،جو15 جولائی1973 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔غورطلب ہے کہ اتوار کوسری نگرمیں دن کادرجہ حرارت33.7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجبکہ بارہمولہ میں بھی اتنا ہی پارہ چڑھا،تاہم اتوار کے روز کپوارہ کشمیرمیں گرم ترین علاقہ تھا ،جہاں درجہ حرارت34.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایاکہ امسال کپوارہ ضلع میں خاصی گرمی پررہی ہے ،تاہم انہوںنے کہاکہ ایسا پہلی بار نہیںہوا ،کیونکہ گزشتہ برس 18جولائی شمالی کشمیر کا کپواڑہ ضلع سری نگر سے زیادہ گرم تھا کیونکہ وہاں کا پارہ 35.3 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا، جو ا س ضلع میں 8 سالوں میں دن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت بھی تھا۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ ضلع میں 29 جولائی 2013 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔






