سرینگر…انفو..35شہید سنگھ ویلفئیر آرگنائیزیشن چھٹی سنگھ پورہ کے وفد نے اپنے چئیر مین ایس جگجیت سنگھ کی قیادت میں لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ وفد کے اراکین نے 20 مارچ 2000 کو پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ہاتھوں چھٹی سنگھ پورہ اننت ناگ میں 35 سکھوں کے قتل عام کی دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے شہید ہونے والے شہریوں کے قریبی رشتہ داروں کے مختلف فلاح و بہبود کے مسائل بھی پیش کئے جن میں ایس آر او 43 کے تحت ہمدردانہ بنیاد پر تقرری ، غیر مہاجر کشمیری پنڈتوں کے مساوہ مراعات کی توسیع ، سرکاری یونیورسٹیوں /کالجوں میں مختلف کورسز میں داخلے کیلئے ریزرویشن اور چھٹی سنگھ پورہ اننت ناگ میں یاد گار کی تعمیر کیلئے مالی امداد شامل ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا انہوں نے یقین دلایا کہ مکمل تحقیقات کی جائے گی اور انصاف فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قتل عام میں شہید ہونے والے شہریوں کے خاندانوں کے مسائل اور شکایات کو انتہائی حساسیت اور ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اہل خاندانی اراکین کو ہمدردانہ تقرریاں دی جائیں گی اور خود روز گار کیلئے مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی ۔






