سری نگر…..۷، نومبر….جے کے این ایس…….. جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز ’وندے ماترم‘ کے150 ویں سال کی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ مادر وطن کے تئیں ہماری وابستگی اور لگن ہماری قوم کو ترقی یافتہ بھارت کی منزل تک لے جائے گی۔جے کے این ایس کے مطابق منوج سنہا نے بنکم چندر چٹوپادھیائے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے’ماں بھارتی اور ان کے بیٹوں کے درمیان رشتہ مضبوط کیا اور لوگوں کو آزادی حاصل کرنے کے لیے تحریک دی۔انہوںنے کہاکہ مادر وطن کے تئیں ہماری وابستگی اور لگن ہماری قوم کو اس کے وکشت بھارت کی منزل تک لے جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاکہ ”نوجوان نسل کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ وہ اس عظیم تہذیب کے وارث ہیں اور سماج کی ترقی اور خوشحالی میں ان کا تعاون ماں بھارتی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لائق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سال2025 وندے ماترم کے150 سال کا نشان ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ہمارا قومی گانا وندے ماترم، بنکم چندر چٹوپادھیائے نے اکشے نومی کے موقع پر لکھا تھا جو 7 نومبر 1875 کو تھا۔ منوج سنہا نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وندے ماترم پہلی بار ادبی جریدے بنگدرشن میں ان کے ناول آنند مٹھ کے حصے کے طور پر شائع ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ گانا، مادر وطن کو طاقت، خوشحالی اور الوہیت کا مجسمہ قرار دیتے ہوئے، ہندوستان کے اتحاد اور عزت نفس کے بیدار جذبے کا شاعرانہ اظہار کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ جلد ہی قوم کے تئیں عقیدت کی ایک پائیدار علامت بن گیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام قومی گیت وندے ماترم کی نمائش کا بھی دورہ کیا۔تقریبات میں معاشرے کے تمام طبقات کے شہریوں کی شرکت کے ساتھ وندے ماترم کے مکمل ورڑن کا بڑے پیمانے پر گانا بھی دیکھا گیا۔ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما،ممبر راجیہ سبھا غلام علی کھٹانہ، چیف سکریٹری اتل ڈلو، پرنسپل سکریٹری ہوم چندرکر بھارتی، جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس، بھیم سین توتی، پرنسپل سکریٹری کلچر، برج موہن شرما، ڈویڑنل کمشنر جموں، رمیش کمار اور انتظامی سیکرٹریوں اور شہریوں نے تقریب میں شرکت کی۔جموں کشمیر بھر کے افسران اور لوگ بھی ورچوئل موڈ کے ذریعے یوٹی سطح کی یادگاری تقریب میں شامل ہوئے۔






