سرینگر…07نومبر… سی این آئی…. اگلے سال بھارت کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات بہت بہتر ہو رہے ہیں۔سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وائٹ ہاوس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جلد ہی ہندوستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک عظیم شخص اور ان کے دوست کے طور پر سراہا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ”بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات بہت بہتر ہو رہے ہیں۔وہ میرا ایک دوست ہے، اور ہم بات کرتے ہیں، اور وہ چاہتا ہے کہ میں وہاں جاﺅں“۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اگلے سال ہندوستان کا سفر کریں گے، ٹرمپ نے کہا”یہ ہو سکتا ہے، ہاں“۔ امریکی صدر نے سال 2020 میں ہندوستان کے اپنے آخری دورے کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا”میں نے وزیر اعظم کے ساتھ وہاں بہت اچھا سفر کیا تھا“۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہندوستان نے بڑے پیمانے پر روس سے تیل خریدنا بند کر دیا ہے۔”وائٹ ہاﺅس کی پریس سکریٹری کیرولین لیویٹ نے منگل کو ہندوستان امریکہ تعلقات پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ دو طرفہ تعلقات کے بارے میں بہت مثبت اور مضبوطی سے محسوس کرتے ہیں۔






