سرینگر….13اگست…سی این آئی…. وزیر اعظم نریندر مودی ممکنہ طور پر ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ مقررین کی ایک عارضی فہرست کے مطابق یو این جی اے کا 80 واں سیشن 9 ستمبر کو شروع ہوگا۔ اعلیٰ سطحی جنرل مباحثہ 23 سے 29 ستمبر تک چلے گا، جس میں سیشن کا روایتی پہلا مقرر برازیل ہوگا، اس کے بعد امریکہ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے مشہور پوڈیم سے عالمی رہنماﺅں سے خطاب کریں گے۔ یہ وائٹ ہاوس میں اپنی دوسری مدت کے دوران اقوام متحدہ کے اجلاس سے ان کا پہلا خطاب ہے۔جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کی اعلیٰ سطحی بحث کے لیے مقررین کی عارضی فہرست کے مطابق ہندوستان کے سبراہ حکومت 26 ستمبر کی صبح اجلاس سے خطاب کریں گے۔اسرائیل، چین، پاکستان اور بنگلہ دیش کے سربراہان حکومت بھی اسی دن یو این جی اے کے جنرل ڈیبیٹ سے خطاب کرنے والے ہیں۔ وزیراعظم مودی اس سال فروری میں واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاﺅس میں ٹرمپ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے لیے امریکہ گئے تھے۔






