سری نگر//جے کے این ایس//سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان، جمعرات کو 5449 یاتریوں پرمشتمل 2قافلے جموں سے نون ون پہلگام اوربال تل بیس کیمپ پہنچے جبکہ جمعرات کی صبح موسم ابترہونے کی وجہ سے دونوں بیس کیمپوں سے روانہ ہونے والے یاتریوںکو کچھ وقت کیلئے راستے میں محفوظ جگہوں پرروکاگیا۔
جے کے این ایس کے مطابق بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے جمعرات کی صبح یاتریوں کے دوقافلے گاڑیوں کے الگ الگ کاررواںمیں روانہ ہوئے۔حکام نے بتایاکہ 5449یاتریوں پر مشتمل2قافلے201 گاڑیوں کے قافلے میں نون ون پہلگام اور بال تل کے جڑواں بیس کیمپوں کے لئے صبح سویرے روانہ ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ61 گاڑیوں میں بال تل کی طرف 536 خواتین اور 43 بچوں سمیت1666 یاتری جمعرات کوعلی الصبح 3بجکر20منٹ پر بھگوتی نگر کیمپ سے روانہ ہوئے، اس کے بعد 140 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ یہاں سے نون ون پہلگام کیلئے روانہ ہوا، جس میں 702 خواتین اور54بچوں سمیت 3783 یاتری شامل تھے۔ اوریاتریوںکایہ قافلہ صبح 4بجکر30منٹ پر یہاں سے روانہ ہوگیا ۔
اس دوران نون ون اوربال تل بیس کیمپوں سے جمعرات کی صبح یاتریوںکے دوقافلے سطح سمندر سے3880میٹر اونچائی پر واقع امرناتھ گھپاکی جانب روانہ ہوگئے ۔تاہم حکام کے بقول موسم خراب ہونے کی وجہ سے دونوں راستوں سے روانہ ہونے والے یاتریوں کے سفرمیں کچھ وقت کیلئے موسم حائل رہا۔انہوںنے کہاکہ یاتریوںکوموسم خراب ہونے کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے راستے میں محفوظ جگہوں پرروکاگیا۔دریں اثناء حکام نے بتایاکہ بدھ کی شام تک ایک لاکھ45ہزار سے زیادہ یاتریوںنے امرناتھ گھپا میں شیولنگم کادرشن کیا اوریہاں ہونے والی خصوصی پوجاپاٹ میں شرکت کی ۔اس دوران حکام نے بتایاکہ 8جولائی کوآنے والے سیلاب کی زدمیں آکر16افراد ازجان ہوئے جبکہ 11 یاتریوں کی موت زیادہ تر صحت کی خرابی کی وجہ سے ہوئی ہے۔انہوںنے بتایاکہ11، اگست کو رکشا بندھن کیساتھ’شراون پورنیما‘ کے موقع پر سالانہ امرناتھ یاترا2022اختتام پذیر ہوگی ۔






