جموںوکشمیر کی ترقی کیلئے وزیر اعظم کا خواب حقیقت میں بد ل رہا ہے ۔ ہردیپ سنگھ پوری
سری نگر/14نومبر/مرکزی وزیر پیٹرولیم اور قدرتی گیس اور مکانات وشہری اَمور ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ جموںوکشمیر کی ترقی کے لئے وزیر اعظم کا عزم حقیقت میں بدل رہا ہے اور اِس کے حوالے سے کام شد و مد سے جاری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں وزیر اعظم کے ترقیاتی اقدامات نے عوام او رملک کے درمیان ایک جذباتی رشتہ قائم کیا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،” مرکزی سکیموں سے براہ راست لوگ استفادہ حاصل کرتے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ زمینی سطح پر کام جاری ہے۔“مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے آج یہاں سری نگر میں میڈیا اَفرادسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مرکزی حکومت کے آرٹیکل 370اور 35اے کی رُکاوٹ کو دُور کرنے کے دور اندیش فیصلے کی وجہ سے جموںوکشمیر یوٹی میں اقتصادی ترقی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔مرکزی وزیر موصوف نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر یوٹی میں اَب ترقی کی ایک نئی صبح کا آغاز ہوا ہے جس کا اندازہ اِس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ 11,721 کروڑ کی تخمینہ لاگت سے 25نئے نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں کو تعمیر کرنے کی منظور ی دی گئی ہے ۔13,600 کروڑ روپے کے 168 مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے ہیں ، سات نئے میڈیکل کالجوں کو منظور ی دی گئی ہے جس میں میڈیکل نشستیں 500 سے بڑھ کر 955 ہو گئی ہیں، جموںوکشمیر میں دُنیا کا سب سے اونچا ریلوے پُل بنایا گیا ہے ، وندے بھارت ایکسپرس جموں سے دہلی تک چل رہی ہے اور سیاحوں کی آمد میںزائد اَز ایک لاکھ اِضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ پیٹرولیم او رقدرتی گیس کے تحت پی ایم اُجولا کے تحت تقریباً12لاکھ رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے گئے ہیں اور پی ایم اے وائی ( یو ) کے تحت 50,000مکانات کی منظور ی دی گئی ہے۔مرکزی وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں جولائی 2021ءسے اگست 2022ءتک امریکہ او رکینیڈا میں 43 فیصد سے 46 فیصد تک اِضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ہندوستان دُنیا کا واحد ملک ہے جہاں اِس مدت کے دوران صرف 2فیصد اِضافہ دیکھا گیا ہے ۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ جب دُنیا کے بہت سے ممالک ایندھن کی قلت او رقیمتوں میں بے تحاشہ اِضافے کا مشاہدہ کر رہے ہیں ،ہندوستان میں بھی ملک کے دُور دراز کونوں میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے ۔اُنہوں نے سری نگر میں ضلعی اِنتظامیہ کے اَفسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز جموںوکشمیر میں ترقی اور ترقی کے حوالے سے نئے سنگ میل حاصل کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت اور پی ایم آواس یوجنا ، پی ایم اجولا ، پی ایم سواندھی ، ایس بی ایم 2.0 اور امرت 2.0 جیسی سرکاری سکیموں کے تحت کئے گئے کاموں کا جائزہ لیا۔وزیر موصوف نے جائزہ میٹنگ میں کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا اِستعمال وقت کی ضرورت ہے اور سری نگر ان شہروں میں شامل ہوگا جہاں ایسی حکمت عملی ترجیحی بنیادوں پر اَپنائی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ کوڑاکرکٹ کو جدید معیار کے مطابق پروسیس کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسے ایک جگہ پر ڈمپ نہ کیا جائے جو ماحوالیاتی نظام کے لئے مضر ہے۔اُنہوں نے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کے استفادہ کنندگان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکانات وشہری امور کے تحت بہت سے سکیمیں اور پروجیکٹ ہیں جن سے لوگوں کو فائدہ اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَب ہم ٹیکنالوجی کے اِستعمال سے وسائل کے اِستعمال کو پہلے کی نسبت بہتر بناسکتے ہیں۔مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سری نگر میں شروع کئے گئے کاموں کی تفصیل بتاتے ہوئے روشنی ڈالی کہ شہری منصوبہ بندی ضروری ہے کیوں کہ شہروں میں نئی آبادیاں آچکی ہیں او رنئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پرانی روایات کو بدلنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شہری کام کا ایک لٹمس ٹیسٹ ہے جو شہریوں کے لئے فوائد پیدا کرنا ہے او راس کے لئے لوگوں کی آواز کو سننے کی ضرورت ہے۔وزیر موصوف نے شہری علاقوں میں ترقی کی وجہ سے معاشی فروغ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری جگہ کو پہلے نظر اَنداز کیا گیا تھا او رحکومت نے اِس سیکٹر میں اِصلاحات کا موقعہ اُٹھایا جو اِس حقیقت سے عیاں ہے کہ شہر اَب ملک کاجی ڈی پی میں سب سے زیادہ شراکت دار ہیں۔مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کو ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے شہر کی تعمیر نو کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔اُنہوں نے مختلف پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے لگن سے کام کرنے پر اِنتظامیہ کہ سراہنا کی۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ او ربلدیاتی اِداروں کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے نمٹنے کے لئے مناسب اقدامات کرنے ، سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی او رلوگوں کی آواز کو بروقت سننے کا مشورہ دیا۔وزیرموصوف نے مختلف سکیموں کے اِستفادہ کنندگان کو منظوری نامے سونپتے ہوئے کہا کہ ترقی کے ثمرات نچلی سطح پر غریب ترین اَفراد تک پہنچنے چاہئیں۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اعجاز اسد ، کمشنر سری نگر میونسپل کاپوریشن اطہر عامر او رضلعی اِنتظامیہ کے دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔






