ملک بھرکے11 کروڑ سے زیادہ اہل کسان
وزیراعظم مودی نے کی16000 کروڑ روپے کے مالی معاونت کی 12ویں قسط جاری
سری نگر۷۱،اکتوبر جے کے این ایس وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز دیوالی اور ربیع کی جاری بوائی سے پہلے فلیگ شپ پی ایم،کسان اسکیم کے تحت11 کروڑ سے زیادہ اہل کسانوں کو 16000 کروڑ روپے کے مالی معاونت کی 12ویں قسط جاری کی۔اس کے ساتھ، استفادہ کنندگان کو منتقل کی گئی کل رقم2.16 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرنے کی اُمید ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق وزیر اعظم نے قومی دارالحکومت نئی دہلی کے پوسا کیمپس میں منعقد ہونے والے2روزہ پروگرام ”پی ایم کسان سمان سمیلن2022“ میں فلیگ شپ پی ایم،کسان اسکیم کے تحت11 کروڑ سے زیادہ اہل کسانوں کو 16000 کروڑ روپے کے مالی معاونت کی 12ویں قسط جاری کی۔اس پروگرام میں مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور کیمیکل اور فرٹیلائزر منسکھ منڈاویہ بھی موجود تھے۔ملک بھر سے 13ہزار500 سے زیادہ کسان اور تقریباً 1500 ایگری اسٹارٹ اپ اس تقریب میں حصہ لے رہے ہیں۔محققین، پالیسی ساز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی اس 2روزہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ پردھان منتری کسان سمان ندھی (PM-KISSAN) کے تحت، اہل کسانوں کو ہر4 ماہ بعد2000 روپے کی 3 مساوی قسطوں میں ہر سال 6000 روپے کا مالی فائدہ فراہم کیا جاتا ہے۔ فنڈ براہ راست فائدہ اٹھانے والوں(کسانوں) کے بینک کھاتوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔یہ اسکیم فروری 2019 میں شروع کی گئی تھی لیکن دسمبر2018 سے لاگو ہو رہی ہے۔پی ایم ،کسان مرکزی حکومت کی طرف سے100 فیصد فنڈنگ کے ساتھ مرکزی سیکٹر کی اسکیم ہے۔ ریاستی حکومت اور مرکزی زیرانتظام علاقوں انتظامیہ ان کسان خاندانوں کی نشاندہی کرتی ہے جو اسکیم کے رہنما خطوط کے مطابق امداد کے اہل ہیں۔






