سری نگر…۰۲، اگست….جے کے این ایس ….جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیرمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں جموں و کشمیر میں کچھ اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے قائم کیے گئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایکس پرایک پوسٹ میں تقریب کی تصاویرشیئرکرتے ہوئے لکھاکہ آجسنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے ایڈمنسٹریٹو بلاک اینڈ ایمفی تھیٹر کا افتتاح کیا۔ انہوںنے کہاکہ میں نے ماہرین تعلیم اور طلباءکے اہم شراکت کی ضرورت کے بارے میں بات کی کیونکہ ہندوستان اگلی2 دہائیوں میں ترقی یافتہ بھارت2047 کے حتمی مقصد کے ساتھ نمایاں ترقی کے لیے تیار ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر کی سنٹرل یونیورسٹی میں انتظامی بلاک اور اورایمفی تھیٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں جو انسانی سرمایہ تیار کیا جا رہا ہے، اس سے یقیناً قوم کی تعمیر میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پچھلے8سے10سالوں سے ہم وزیراعظم مودی کی قیادت میں کچھ اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ساتھ ہی کہاکہ آئی آئی ٹی ہو، این آئی ایف ٹی، سنٹرل یونیورسٹی اور AIIMS، جموں و کشمیر نے ان اداروں سے فائدہ اٹھایا ہے۔منوج سنہا نے شعبہ تعلیم کو فروغ دینے پرخاص توجہ مرکوز ہونے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ نصاب میں جس طرح سے اصلاحات لائی جارہی ہیں وہ طلبہ اور پوری قوم کے لیے سود مند ثابت ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ کشمیر کی سنٹرل یونیورسٹی کا روشن مستقبل دیکھ رہے ہیں اور 2047 تک اس یونیورسٹی کو اعلیٰ یونیورسٹیوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ منوج سنہا نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سینٹرل یونیورسٹی کے کمیٹی ممبران یونیورسٹی کو عالمی سطح پر لے جائیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہا کہ طلبہ کو نصاب سے ہٹ کر تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس کے ساتھ ہی سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے طلبہ اس پر توجہ دیں گے اور قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔






