28رُکنی سکھ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی
جموں انفو سکھ برادری کے ایک 28 رُکنی وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت چیئرمین آل جموںوکشمیر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی ( اے جے کے ایس سی سی ) اجیت سنگھ کر رہے تھے جس میں صدر ڈی جی پی سی سانبہ کلوندر سنگھ، صدر ڈی جی پی سی اودھمپور جسپال سنگھ، صدر ڈی جی پی سی راجوری پروفیسر ہردیال سنگھ، صدر ڈی جی پی سی ریاسی دیدار سنگھ، ممبر ڈی جی پی سی جموں اوتار سنگھ ، جتھیدار گورو دیپ سنگھ، نریندر سنگھ خالصہ ، اوتار سنگھ خالصہ اور دیگرسکھ برادری کے سرکردہ اَرکان شامل تھے ۔اُنہوں نے مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں اور ان کے اَزالے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی درخواست کی۔اَجیت سنگھ نے مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی سکھ طبقے نے ہمیشہ جموںوکشمیر میں ترقی اور اَمن کے لئے اَپنا کردار اَدا کیا ہے ۔ وفد کے اَرکان نے جموں وکشمیر میں اقلیتی طبقوں کی فلاح و بہبود اور بااِختیار بنانے کے لئے بے مثال اقدامات کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے دورہ کرنے والے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر حکومت تمام طبقوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پُر عزم ہے اور جموںوکشمیر یوٹی کے تمام شہریوں کی منصفانہ ترقی کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بند طریقے سے کا م کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو فور ی طور پر حل کیا جائے گا۔






