سرینگر/22اپریل /خواجہ فاروق رینزو شاہ کی سربراہی میں قائم کشمیر ڈیولپمنٹ فرنٹ اور جماعت اعتقاد حنفیہ انٹرنیشنل نے اپنے کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق خواجہ فاروق رینزو شاہ نے اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری سے اپنی پارٹی کے صدر دفتر سرینگر میں ملاقات کی اور کشمیر ڈیولپمنٹ فرنٹ اور جماعت اعتقاد حنفیہ انٹرنیشنل کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری نے خواجہ فاروق رینزو شاہ کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی علمی استعداد اور تجربہ کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈیولپمنٹ فرنٹ اور جماعت اعتقاد حنفیہ انٹرنیشنل اپنی پارٹی کا حصہ بنیں گے اس لیے اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ فاروق رینزو شاہ نے سید محمد الطاف بخاری کی بے حد تعریف کی اور کہا کہ اپنی پارٹی کے صدر نے ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر جیسے تاریخی مقام سے اپنی سچی محبت کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی، جموں و کشمیر میں ترقی، سیاحوں کی بحالی اور مسلمانوں، ہندوو¿ں اور بودھوں کے قدیم روحانی مقامات وغیرہ کی ترقی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ سید محمد الطاف بخاری کا کشمیر کے روحانی تشخص کے تحفظ میں بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا، ”وقت کی ضرورت ہے کہ کشمیر اور جموں میں اپنی پارٹی کے حمایت یافتہ تمام پارلیمانی امیدوار جیتیں تاکہ وہ تمام مذاہب کی روحانی شناخت کے تحفظ اور کشمیر میں بے مثال ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام کر سکیں۔ ” قابل ذکر ہے کہ خواجہ فاروق رینزو شاہ بین الاقوامی شہرت کی 22 کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی تصنیفات نے روحانی مواد اور کشمیر سے محبت کے لیے 2023-24 میں بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی ہے۔ خواجہ فاروق رینزو شاہ نے کمشنر اور وائس چیئرمین سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ مختلف اہم محکموں کے سربراہ رہ چکے ہیں .انہیں جان ہاپکنز واشنگٹن میں انسانی محبت اور اتحاد کے بارے میں دانشورانہ نظریات کے دنیا کے سب سے بڑے تھنک ٹینک میں کشمیر کی روحانیت پر لیکچر دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔






