سوربھ بھگت نے بانڈی پورہ میں سپیشل سمری رویژن کا لیاجائزہ
بانڈی پورہ انفو / کمشنر سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی سوربھ بھگت جو بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے الیکٹورل رول اوبزرور بھی ہیں، نے آج بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے سپیشل سمری رویژن کے تحت پیش رفت کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ ابتداً، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کمشنر سیکرٹری کو جانکاری دی کہ ضلع بانڈی پورہ میں 151 پنچایتوں کے ساتھ تین اسمبلی حلقے ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفس کو بتایا گیا کہ فارم 6 کے لئے 34,449 ، فارم بی 6 کے لئے 1,91,270 دعوے ، فارم 7کے لئے 13,800 اور فارم 8کے لئے 13,114 دعوے موصول ہوئے۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ ضلع بانڈی پورہ نے 17,980 ہدف کے مقابلے میں 21,456 کا اِندراج حاصل کیا ہے ۔ اِس کے علاوہ اِی پی ریشو کو 59.37 تک بڑھایا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو بتایا کہ بانڈی پور ہ نے آدھار لنکنگ میں 85.10 فیصد پیش رفت حاصل کی ہے ۔ڈاکٹر اویس احمد نے کمشنر سیکرٹری کو ایس وِی اِی پی کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں او رعوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ضلع میں چلائی جارہی دیگر اِنتخابی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سمری رویژن میں ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے ووٹر لسٹ کے ساتھ آدھار کو صد فیصد جوڑنے پر زور دیا۔سوربھ بھگت نے اَفسران کو اِضافی مہارت سے کام کرنے اور تال میل برقرار رکھنے کی تاکید کی تاکہ زمینی سطح پر بہترین نتائج برآمد ہوسکیں۔میٹنگ میں ڈی پی او بانڈی پورہ محمد اشرف حکاک ، اے ڈی سی وسیم راجا، ڈپٹی ڈی اِی او نورالدین ،اے سی آر پرویز رحیم ، ایس ڈی ایمز ، تحصیل دار اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔






