سری نگر۔۔۔۔۲۲، نومبر۔۔۔۔جے کے این ایس۔۔۔۔۔ مرکز نے جموں و کشمیر کےلئے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کے تحت فراہم کئے جانے والے افرادی دنوں کی تعداد میں 150 تک اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے، اس اقدام کا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خیر مقدم کیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق زراعت اور کسانوں کی بہبود کے محکمے نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA) کے تحت مالی سال2025-2026 کے لیے یونین کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے سیلاب، بادل پھٹنے، اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں فی گھرانہ 100 دن سے زائد اور 50 دن کے اضافی روزگار کے فائدے کو بڑھانے کی سفارش کی تھی۔ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ قدرتی آفات کی وجہ سے عوامی کاموں پر روزگار کی مانگ میں اضافے کے امکان کے پیش نظر، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے متاثرہ دیہی علاقوں میں مالی سال2025-2026کےلئے فی گھرانہ 100 دنوں سے زیادہ اور 50 دن تک کا اضافی روزگار فراہم کیا جائے۔لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے منریگا کے کام کی حد بڑھانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جمعہ کو دیر گئے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ میں وزیر اعظم نریندر مودی اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے قدرتی آفات سے متاثرہ دیہی علاقوں میں روزی روٹی کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے MGNREGA کے تحت جموں وکشمیرکے لئے فراہم کیے جانے والے افرادی دنوں کی تعداد کو بڑھا کر150 دن کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں1962 پنچایتوں کو’سیلاب سے متاثرہ‘ قرار دیا گیا ہے، جس سے وہاں رہنے والے لوگوں کی روزی روٹی پر برا اثر پڑا ہے۔منوج سنہا نے کہاکہ حکومت ہند سے خصوصی راحت طلب کی گئی تھی، اور آج کا فیصلہ کمزور دیہی گھرانوں کی مستحکم آمدنی کو یقینی بنائے گا، خاندانوں کو معاشی بدحالی سے نجات دلائے گا اور پائیدار اثاثے بنائے گا۔اس دوران جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں 5693 اضافی بنکر قائم کرنے کی تجویز منظوری کے لیے پیش کی گئی ہے۔اس بات کا انکشاف سنہا نے پونچھ اور راجوری میں آپریشن سندور کے دوران حالیہ قدرتی آفات اور بلا اشتعال پاکستانی گولہ باری سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 521 نئے مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کیا۔لیفٹیننٹ گورنر، جنہوں نے پونچھ اور راجوری میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے کلیدی اقدامات کا اشتراک کیا، کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں پونچھ میں 1125بنکر مکمل ہو چکے ہیں، اور 5693 اضافی بنکروں کی تعمیر کی تجویز منظوری کے لیے پیش کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راجوری میں5سالوں میں2923 بنکر تعمیر کیے گئے، جس سے سرحد کے ساتھ رہنے والی ایک بڑی آبادی کو راحت ملی۔منوج سنہا نے مشاہدہ کیا کہ راجوری میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے19 اور پونچھ میں نو کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں۔انہوں نے ضلعی اور پولیس انتظامیہ کو دہشت گردی کے شکار خاندانوں کی شناخت کرنے اور ان کی ملازمت سے متعلق تقرری سے متعلق کیسز کو حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو بھیجنے کی ہدایت کی۔دریں اثناءلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر میں’سیاست کرنے یا الیکشن لڑنے کے لیے نہیں ہیں۔ تاہم، انھوں نے اپنے ناقدین کو جواب دینے کے لئے شاعرانہ انداز اختیار کر لیا، جو ’ان کے کاموں پر سوال اٹھاتے تھے اور اکثر ان پر جو سیاست کرنے کا الزام لگاتے تھے۔منوج سنہا کاکہناتھاکہ اہل سیاست جانے، میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہونچے۔بظاہر، یہ سیاسی مخالفین اور ناقدین کے’دوہری کنٹرول کے نظام‘ کے لیے ایک ترچھا ردعمل تھا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ میں، اپنی انتظامیہ کےساتھ مل کر، لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہوں اور انھیں مرکزی دھارے کی ترقی سے جوڑ رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ کی ہر کوشش کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔تاہم، بہت کم لوگ سوال کرتے ہیں کہ میں یہ سب کیا کر رہا ہوں؟ میں ان کو ایک شعر کے ساتھ جواب دینا چاہتا ہوںکہ اُنکا جو فرض ہے وہ اہل سیاست جانےں،میں یہاں نہ سیاست اور نہ الیکشن لڑنے کیلئے ہوں۔






