مرکزی وزیر برائے تعلیم اور امور خارجہ دو روزہ دورے پر گاندر بل پہنچے
گاندر بلانفومرکزی وزیر برائے تعلیم اور امور خارجہ ڈاکٹر راج کمار رنجن سنگھ مرکزی حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کے تحت اپنے دو روزہ دورے پر ضلع گاندر بل پہنچے ۔ پہلے دن وزیر نے سینک اسکول مانسبل اور بوائیز ہائیر سکینڈری اسکول صفا پورہ کا دورہ کیا ۔ سینک اسکول مانسبل کے دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، سی ای او گاندر بل ، ڈپٹی سی ای او اور دیگر حکام تھے ۔ سینک سکول مانسبل پہنچنے پر وزیر کو اسکول کے طلباءنے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سینک اسکول کا نظام تعلیم نوجوان کیڈٹس کو سوچ کے تصور کے ساتھ تیار کرنے پر مرکوز ہے جو ریڈی میڈ فار مولے پر عمل کرنے کے بجائے تصورات کو آگے بڑھا سکتے ہیں تا کہ وہ آل انڈیا سطح کے امتحانات میں مقابلہ کر سکیں ۔ طلباءکی پرورش کیلئے سکول کی فیکلٹی ممبران کو سراہتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کے ذہنوں کو حقیقی زندگی کے تصور سے استوار کرنے کا مشورہ دیا تا کہ وہ پورے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ملک کی خدمت کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہماری آزادی کے 100 سال بعد دنیا کا ماسٹر بننا چاہتا ہے اور طلباءسے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اہداف کا تعین کریں ۔ انٹر ایکٹو سیشن کے دوران اسکول کے طلباءکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 اسکولی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم میں مختلف اصلاحات کی تجویز پیش کرتی ہے جس میں تکنیکی تعلیم بھی شامل ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی توجہ معیاری تعلیم اور پائیدار طریقے سے تمام طلباءتک مساوی رسائی پر مرکوز ہے تا کہ جموں و کشمیر کا تعلیمی نظام ملک کے دیگر حصوں کے برابر ہو ۔ اس موقع پر پرنسپل سینک اسکول مانسبل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور سکول کے کام کاج کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔ بعد ازاں وزیر نے بوائز ہائیر سکینڈری اسکول صفا پورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی ۔ اس موقع پر اسکول کے طلباءکی جانب سے مشعل گاہ خواندگی مہم کے حوالے سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام اور خاکے پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر وزیر نے صفا پورہ کے پی آر آئی ممبران سے بھی ملاقات کی جنہوں نے صفا پورہ کیلئے ڈگری کالج کا مطالبہ کیا ۔ پی آر آئی کے مسائل کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں تجاویز بھیجیں تا کہ اس پر بات کی جا سکے ۔ اس دوران وزیر نے ماتا کھیر بھوانی مندر تلمولہ میں پوجا کی ۔ قبل ازیں منی سیکرٹریٹ گاندر بل میں ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، اے ڈی سی اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران نے وزیر کا پرتپاک استقبال کیا ۔






