اپنی پارٹی نے یوم جمہوریہ کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی
سرینگر/26جنوری / اپنی پارٹی نے 74ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پارٹی صدر دفتر سرینگر میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا، جس کے دوران پارٹی قائد سید محمد الطاف بخاری نے قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، “آج کے اس خوشی کے دن کے موقعے پر میں ملک بھر کے عوام بالخصوص جموں کشمیر کے باشندگان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ملک کے ہر شہری کے لئے آزادی اور مساوات کی ایک علامت ہے۔”انہوں نے مزید کہا، “1950 میں آج ہی کے دن آئین ہند نافذ ہوا تھا۔ اس آئین کی رو سے ہمیں تمام بنیادی حقوق بشمول تقریر اور اظہار رائے کی آزادی؛ تمام شہریوں کے لیے مذہبی آزادی؛ ذاتی آزادی؛ عزت و وقار کے ساتھ زندگی جینے کی آزادی تفویض ہوئی ہے۔”اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ رہنما موجود تھے، ا±ن میں پارٹی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس، نائب صدر عثمان مجید، جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، سٹیٹ کنوینر حاجی پرویز، نوجوان رہنما عماد رفیع میر، پارٹی کی خواتین ونگ کی صوبائی صدر دلشادہ شاہین، صوبائی صدر خالد راٹھور، کارپوریٹر تنویر پٹھان، کارپوریٹر شاہین بٹ، جنرل سکریٹری ایس ٹی ونگ خالد بڈھانا، اور دیگر لیڈران شامل تھے۔






